مون سون سیزن میں معمول سے زیادہ بارشوں ، حب ڈیم ٹوٹنے کا خطرہ

  • September 4, 2020, 3:44 pm
  • Weather News
  • 206 Views

ملک میں ہونے والی معمول سے زیادہ بارشوں کے نتیجے میں حب ڈیم ٹوٹنے کا خطرہ سر اٹھانے لگا ۔ تفصیلات کے مطابق مون سون سیزن میں پہلے سے زیادہ بارشیں ہونے کے باعث واپڈا حکام نے خبردار کیا ہے کہ حب ڈیم اپنی گنجائش تک بھر چکا ہے جس کی وجہ سے ڈیم کسی بھی وقت ٹوٹ سکتا ہے کیونکہ اس کی دیواریں کمزور ہوچکی ہیں جن کی ایک طویل عرصہ گزرنے کے باوجود مرمت نہیں کی گئی ، وسیع رقبے پر پھیلا ہوا یہ ڈیم حب کے علاقے کی پانی کی ضرورت کو پورا کرتا ہے جبکہ کراچی کی 20فیصد پانی کی ضرورت بھی اسی ڈیم سے پوری کی جاتی ہے ۔
چیف انجینئر واپڈا محمد احتشام الحق نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ ڈیم اس وقت اپنی گنجائس کے مطابق پوری طرح بھر چکا ہے اس پانی سے کراچی اور حب کے علاقے کی 3 سال تک پانی کی ضروریات کو پورا کیا جا سکتا ہے لیکن چونکہ کئی برس گزر چکے ہیں کہ ڈیم کی مرمت کا کام نہیں کیا گیا اس کی وجہ سے خدشہ یہ بھی ہے کہ کہیں یہ ڈیم توٹ نہ جائے کیونکہ اس میں مزید پانی کی گنجائش ہی موجود نہیں ہے یہ پوری طرح سے بھرا ہوا ہے جو کئی سالوں بعد ہوا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ حب ڈیم پر 1.4میگاواٹ بجلی بنانے کا منصوبہ ہے لیکن اٹھارہویں ترمیم کے بعد سے اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کئی قسم کی رکاوٹیں سامنے آ رہی ہیں جبکہ صرف 40کروڑ روپے کا یہ منصوبہ حکومتوں کی ترجیحات میں شامل نظر نہیں آتا ۔ واضح رہے کہ اس سال مون سون سیزن میں ہونے والی بارشیں ایک طرف تو تباہی کا باعث بنی ہیں لیکن دوسری طرف ان سے ملک کی پانی کی ضروریات کو پورا کیا جاسکتا تھا جوکہ مربوط حکمت عملی کے تحت ہی مکن تھا لیکن چونکہ ڈیمز کی تعمیر اور ان کی مرمت پر توجہ نہیں دی گئی جس کے باعث اس نعمت سے فائدہ نہیں اٹھایا جسکا ۔