کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے لیے 1 ہزار 113 ارب روپے کی تفصیلات؟

  • September 5, 2020, 9:31 pm
  • Business News
  • 148 Views

کراچی: وزیر اعظم آفس نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے لیے اعلان کردہ 1113 ارب روپے پیکج کی تفصیلات جاری کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے پیکج میں کراچی میں واٹر سپلائی کے منصوبوں کے لیے 92 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

وزیر اعظم آفس کے مطابق کراچی میں سیوریج ٹریٹمنٹ پر 141 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، سولِڈ ویسٹ منیجمنٹ اور نکاسئ آب کے لیے 267 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

سڑکوں کی بحالی اور نئی سٹرکوں کی تعمیر پر 41 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، جب کہ کراچی میں ماس ٹرانزٹ، ریل اور روڈ ٹرانسپورٹ کے لیے 572 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا اعلان کیا تھا، نیوز کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ کراچی کے لیے اس تاریخی پیکج میں 8 سو ارب وفاق اور 3 سو ارب روپے سندھ ادا کرے گا۔

انھوں نے کہا کہ کراچی میں سیوریج سسٹم، ٹرانسپورٹ، سالڈ ویسٹ اور پانی کے مسائل ہیں، ہماری کوشش ہے سارے مسائل کو ایک ساتھ حل کریں، نالوں کی صفائی کا کام این ڈی ایم اے کو سونپا گیا ہے، نالے وفاق صاف کرے گا، بے گھر ہونے والوں کی آباد کاری صوبہ کرے گا، سب کاموں کی مانیٹرنگ پی سی آئی سی کرے گی، جس میں وفاق، صوبائی حکومت اور فوج شریک ہوگی۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کراچی میں مختلف اداروں کی حدود ہیں، اس لیے یہاں فیصلوں کا نفاذ مشکل ہوتا تھا، کراچی کے مسائل کی ایک بڑی وجہ اختیارات کا تقسیم ہونا ہے، لیکن اب کراچی کے مسائل کے حل کے لیے ایک سال اور 3 سال کی پالیسیاں مرتب کی گئی ہیں۔