سندھ میں بھی کرونا قابو، 24 گھنٹوں میں کوئی موت نہیں ہوئی

  • September 5, 2020, 9:43 pm
  • COVID-19
  • 167 Views

کراچی: صوبہ پنجاب کی طرح صوبہ سندھ میں بھی کرونا وائرس پر قابو پا لیا گیا، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں کرونا انفیکشن سے کوئی موت واقع نہیں ہوئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں کرونا وائرس صورت حال پر بیان میں کہا صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا سے کوئی موت نہیں ہوئی، اب تک سندھ بھر میں 2422 کرونا مریض انتقال کر چکے ہیں۔

مراد علی شاہ کے بیان کے مطابق سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 9738 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، جب کہ 230 نئے کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، صوبے میں اب تک 10 لاکھ 36 ہزار 313 کرونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، جب کہ سندھ بھر میں تاحال ایک لاکھ 30 ہزار 483 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں 2152 کرونا مریض صحت یاب ہوئے، جب کہ سندھ میں اب تک ایک لاکھ 26 ہزار 164 کرونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ دوسری طرف صوبے بھر میں 1897 کرونا مریض زیر علاج ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کراچی میں 230 کرونا ٹیسٹ میں سے 120 مثبت آئے ہیں۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کرونا وائرس کے 513 نئے کیسز سامنے آئے جب کہ 5 مریض جاں بحق ہوئے، جس کے بعد کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 6 ہزار 340 ہو گئی ہے۔