سانحہ گجر پورہ کے مرکزی ملزم کے سسرال نے ملزم سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا

  • September 18, 2020, 10:24 pm
  • National News
  • 316 Views

سانحہ گجر پورہ کے مرکزی ملزم کے سسرال نے ملزم سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا، ملزم کی ساس نے دیے گئے بیان میں کہا ہے کہ 6 سال قبل بیٹی بشریٰ نے بھاگ کر عابد علی سے شادی کی تھی، ہمارا اس شخص سے اب کوئی تعلق نہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ گجر پورہ کی تفتیش کے دوران مرکزی ملزم کی ساس کی جانب سے بیان ریکارڈ کروایا گیا ہے۔
ملزم عابد علی کی ساس کا کہنا ہے کہ اس کے خاندان نے ملزم سے تعلق ختم کر دیا ہے۔ جبکہ اس کی بیٹی بشریٰ نے بھی خاندان کی مرضی کیخلاف گھر سے بھاگ کر ملزم عابد علی سے شادی کی تھی۔ 6 سال قبل بشریٰ گھر سے بھاگ گئی تھی اور عابد علی سے خفیہ شادی کر لی تھی۔ بشریٰ کی ماں نے کہا ہے کہ اس کے خاندان نے ملزم سے تمام تعلقات ختم کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل ملزم عابد علی کی اہلیہ بشریٰ کو مانگا منڈی کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا۔

گرفتاری کے بعد عابد علی کی اہلیہ کے حوالے سے کچھ انکشافات سامنے آئے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار خاتون بشریٰ نے ملزم عابد علی سے دوسری شادی کی تھی۔ خاتون نے اپنے پہلے شوہر سے علیحدگی کے بعد عابد علی سے شادی کی جس سے ان کی ایک بیٹی ہے۔ پہلے شوہر سے خاتون کے 4 بچے بھی ہیں۔ خاتون کا تعلق فیصل آباد سے ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کچھ روز قبل پولیس نے جب قلعہ ستار شاہ میں عابد علی کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تھا، تو بشریٰ اپنے شوہر کیساتھ فرار ہوگئی تھی۔ عابد علی اور اس کی بیوی اپنی بیٹی کو اکیلے چھوڑ کر فرار ہوئے تھے، جس کے بعد پولیس نے ملزم کی بیٹی کو تحویل میں لے لیا تھا۔