راولپنڈی میں لڑکی سے لڑکی کی شادی کا معاملہ، کیس ختم

  • September 18, 2020, 10:25 pm
  • National News
  • 131 Views

راولپنڈی میں لڑکی سے لڑکی کی شادی کا معاملہ، کیس ختم ، عدالت نے لڑکیوں کے حق میں فیصلہ سنا دیا، جنس تبدیل کرنے کی دعویدار عاصمہ بی بی کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم، دوسری لڑکی نیہا کو اپنی مرضی سے کہیں بھی جانے کی اجازت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں لڑکی سے لڑکی کی شادی کے معاملے کا ڈراپ سین ہوگیا ہے۔
عدالت نے جنس تبدیل کروا لینے کی دعویدار عاصمہ بی بی اور نیہا دونوں کے حق میں فیصلہ سنا دیا۔ ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے راولپنڈی کی تحصیل ٹیکسلا سے تعلق رکھنے والی 2 لڑکیوں کی جانب سے آپس میں شادی کرنے کے معاملے پر مبینہ دلہے آکاش کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ جبکہ عدالت نے دوسری لڑکی نیہا کے حق میں بھی فیصلہ سنایا ہے۔
عدالت نے مبینہ دلہن نیہا علی نامی لڑکی کو آزاد خود مختارشہری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ لڑکی اپنی مرضی سے کہیں بھی جا سکتی ہے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق نیہا علی کو طویل عرصہ تک دارالامان رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ قانون اور آئین کے مطابق نیہا علی کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنی مرضی سے اپنے شوہر یا والدین کسی کے ساتھ بھی جا سکتی ہے۔ جبکہ عدالت نے کیس کی دوسری کردار عاصمہ بی بی کو یہ اجازت بھی دے دی ہے کہ وہ ٹرانس جینڈر ایکٹ کے تحت نادرا میں رجسٹرین کرا سکتی ہے۔
عدالت کی جانب سے نادرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ میرٹ اورقانون کے مطابق عاصمہ بی بی کا تازہ اندراج یقینی بنایا جائے۔ یوں عدالت نے آکاش کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کا فیصلہ بھی ختم کر دیا۔ عدالت کی جانب سے جاری فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ہائیکورٹ کے پاس شادی کے معاملات پر براہ راست سماعت کرنے کا اختیار ہی نہیں ہے۔ ایسے معاملات کی سماعت فیملی کورٹ میں جاتی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ عدالت نے لڑکے ہونے کی دعویدار عاصمہ بی بی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے، گرفتار کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔ اس تمام معاملے کا مقدمہ نیہا علی کے والد کی درخواست پر دائر کیا گیا تھا۔