ق لیگ نے پی ٹی آئی کے بعد ایک اور جماعت کی وکٹ اڑا لی

  • September 22, 2020, 3:16 pm
  • Political News
  • 126 Views

پاکستان مسلم لیگ ق نے تحریک انصاف کے بعد تحریک لبیک کی بھی وکٹ اڑا لی۔تحریک لبیک بہاولنگر کے ٹکٹ ہولڈر احمد خان کموکا مسلم ق میں شامل ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور جنرل سیکرٹری پنجاب مسلم لیگ سینیٹر کامل علی آغا سے این اے 169 بہاولنگر سے تحریک لبیک پاکستان کے ٹکٹ ہولڈر احمد خان کموکا نے ملاقات کی اور ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر صدر مسلم لیگ راولپنڈی زبیر احمد خان اور جنرل سیکرٹری فیاض تبسم بھی موجود تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے احمد خان کموکا کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہم ہر محب وطن پاکستانی کواپنی پارٹی میں ویلکم کہتے ہیں۔
احمد خان کموکا نے چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے دین اسلام کی خدمت کیلئے بہت کام کیا ہے، قرآن اکیڈمی، نصابی اور غیر نصابی کتب میں شرعی اصلاحات اور بنیاد اسلام بل اور حکومتی سطح پر پہلی مرتبہ قرآن پاک کے شہید اوراق کو ری سائیکل کرنے کی مثال سب کے سامنے ہے۔

اس سے قبل سابق رکن پنجاب اسمبلی رائے عثمان کھرل پاکستان مسلم لیگ ق میں شامل ہوئے۔ رائے عثمان کھرل نے ق لیگ میں اپنی شمولیت کا اعلان ہفتے کے روز سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے ایک ملاقات میں کیا۔ مسلم لیگ ق میں شمولیت پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے انہیں خوش آمدید کہا، رہنما ق لیگ نے اس موقع پر توقع ظاہر کی کہ رائے عثمان کھرل پارٹی کی بہتری اور بالخصوص بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران پنجاب کی سیاست کے کئی اہم ناموں نے مسلم لیگ ق میں شمولیت اختیار کی ہے۔ ان ناموں میں کچھ سابق اراکین اسمبلی بھی شامل ہیں۔ مسلم لیگ ق کی جانب سے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے بھرپور تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں نامور سیاسی شخصیات مسلم لیگ ق کے قافلے میں شامل ہو رہی ہیں۔