بھارتی فوج کی ایل او سی کے دیوا سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کے 2 جوان شہید

  • September 23, 2020, 1:58 pm
  • Breaking News
  • 278 Views

بھارتی فوج کی ایل او سی کے دیوا سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق بھارتی فوج کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دیوا سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں شدید فائرنگ کے تبادلہ ہوا جس میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے ، جن کی شناخت سپاہی سپاہی نور حسن اور سپاہی وسیم علی کے نام سے ہوئی ، ،آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی طرف سے جوبی کارروائی کرتے ہوئے ایل او سی کی خلاف ورزی کرنے والی بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا ، جس سے بھارتی چیک پوسٹوں پر بھاری جانی نقصان کی اطلاعات ہیں ۔
یاد رہے کہ چند روز قبل خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر سرحد پار سے کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا تھا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق رات گئے باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کی سرحدی چوکی پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 24 سالہ سپاہی صابر شاہ نے جام شہادت نوش کیا آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان مسلسل سرحد کی دوسری جانب سرحدی انتظامات کا معاملہ اٹھا رہا ہے تا کہ افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکا جاسکے. واضح رہے کہ یہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار فائرنگ کا پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں جس میں پاکستانی شہریوں اور پاک فوج کے جوانوں کو نشانہ بنایا گیا ۔

قبل ازیں 5 اگست کو سرحد پار سے دہشت گردوں اور افغان بارڈر پولیس کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی چوکیوں پر حملوں کے مختلف واقعات میں فرنٹیئر کور کا ایک جوان شہید اور دو زخمی ہوگئے تھے۔