جب تک آمدنی نہیں بڑھتی ساری قوم کو صبر کرنا پڑے گا ، وزیراعظم

  • December 23, 2020, 2:12 pm
  • National News
  • 210 Views

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرنٹ اکاوَنٹ خسارہ سرپلس ہوگیا ہے ، مہنگائی میں اضافہ ہوچکا ہے لیکن تنخواہیں نہیں بڑھیں ، جب تک ہماری آمدنی نہیں بڑھتی تو ساری قوم کو صبر کرنا پڑے گا ، آمدنی بڑھ جائے تو پولیس سمیت تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کریں گے ، ملک میں اللہ تعالیٰ نے سب کچھ دیا صرف گورننس کو ٹھیک کرنا ہے ، جس پیسے کے لیے کسی کو بچانے کےلیے جھوٹ بولا جائے وہ پیسہ اللہ تعالیٰ کا عذاب ہے، اس پیسے کا کیافائدہ جس سے بچوں کو والد کو بچانے کےلیے جھوٹ بولنا پڑے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس لائنز میں پاسنگ آوَٹ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جب تک مال اور جان کی حفاظت نہیں ہوتی وہ قوم ترقی نہیں کرسکتی ، ہماری سرحدو ں پرقوم کی حفاظت پاک فوج کرتی ہے، پولیس کا آج تک وہ مقام نہیں بنا جس کےوہ مستحق ہے، پولیس کا معاشرہ میں ایک بہت بڑا مقام ہوتا ہے، خیبرپختونخوا پولیس نے دہشت گردی میں بڑی قربانیاں دی ہیں، پولیس میں بہتری آنے کے بعد مردان سے انکے حق میں ریلیاں نکلیں، اپنی آنکھوں کے سامنے خیبر پختونخوا پولیس کو بدلتے دیکھا ، میں چاہتاہوں قوم پولیس کو پسند کرے کیوں کہ ملک کے اندر پولیس شہریوں کو تحفظ دیتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب سے کم ہیں ، پولیس کی تنخواہوں سے متعلق آج وزارت داخلہ سے بات کروں گا ، وزیراعظم ہاوَس کے 70فیصد اخرات کم کیے ہیں ، وفاقی حکومت نے بھی اپنے 40 فیصد اخراجات کم کیے ، آمدنی بڑھ جائے تو پولیس سمیت تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کریں گے ، اسلام آباد پولیس کو صحت کارڈ دیا جائے گا جب کہ ہاوَسنگ اسکیم میں اسلام آباد پولیس کو بھی شامل کریں گے۔