روزگار کے مواقع بڑھانا وزیراعظم کا وژن

  • January 24, 2021, 11:48 pm
  • Business News
  • 136 Views

لاہور: وزیر صنعت وتجارت پنجاب میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ ملک میں روزگار کے مواقع بڑھانا وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے، صوبے میں کارخانوں کی انسپیکشن کا نیا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیرصنعت وتجارت نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ نئے نظام سے صنعتی کلچرمیں تبدیلی اور صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کے اچھے نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ پنجاب صنعتی، تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے۔

میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بڑھتی اندرونی وبیرونی سرمایہ کاری سے معیشت مضبوط ہوگی، قومی معیشت کی تباہی کی ذمہ داراپوزیشن صنعتی ترقی سےخوفزدہ ہے، کرپشن کے ریکارڈ بنانے والے پی ڈی ایم کی چھتری تلے اکٹھے ہیں، کرپٹ ٹولہ پی ڈی ایم کی چھتری این آر او کیلئے استعمال کررہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کی کشتی غریب کے حق پر ڈاکا ڈالنے والوں کے بوجھ سے ڈوب رہی ہے، کرپٹ ٹولے کا اتحاد این آر او میں ناکامی پر اختلافات کا شکار ہے، اندرونی اختلافات کا شکار اپوزیشن حکومت کے لیے خطرہ نہیں، اپوزیشن جمہوری طرز عمل اختیار کرے، اپوزیشن تعمیری سیاست کے ذریعے لوگوں کی نمائندگی کا حق ادا کرے۔