آصف زرداری نے آرمی چیف کو صاحبزادی بختاور بھٹو کی شادی میں شرکت کی دعوت دے دی

  • January 25, 2021, 4:48 pm
  • Entertainment News
  • 223 Views

سابق صدر آصف زرداری نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو اپنی صاحبزادی بختاور بھٹو کی شادی میں شرکت کی دعوت دے دی ۔تفصیلات کے مطابق ترجمان بلاول ہائوس کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو کی شادی کا باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے۔ترجمان بلاول ہائوس کے مطابق بلاول ہائوس میں بختاور بھٹو کی شادی کے سلسلے میں 24جنوری کو محفل میلاد منعقد ہوگی، مہندی کی سادہ تقریب 27جنوری کو ہوگی۔
ترجمان کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بہن کی شادی پر ایک ہفتے سیاسی سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔ بختاور بھٹو کے محمود چوہدری سے نکاح کی تقریب 29 جنوری کو منعقد کی جائے گی جبکہ بارات کی تقریب 30 جنوری کو ہوگی۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے صاحبزادی کی شادی میں شرکت کے دعوت نامے ارسال کر دئیے ہیں،سابق صدر کی جانب سے ملک کے اہم سیاسی رہنمائوں، ملٹری ، سول اور جوڈیشل سربراہان کو مدعو کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھی شادی میں شرکت کی دعوت دی ہے تاہم ابھی اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ آرمی چیف شادی میں شرکت کریں گے یا نہیں۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے چند حکومتی وزراء کو بھی مدعو کیا ہے جن سے ان کے اچھے تعلقات ہیں، یاد رہے کہ بختاور بھٹو زرداری نے گزشتہ برس 27 نومبر کو پاکستانی نژاد دبئی کے کاروباری شخص محمود چوہدری سے منگنی کی تھی۔
منگنی کی تقریب بلاول ہائوس کراچی میں منعقد ہوئی تھی، جس میں دونوں خاندانوں کے قریبی افراد اور انتہائی اہم شخصیات نے شرکت کی تھی۔اپنے خاندان میں چند دہائیوں بعد آنے والے خوشی کے پہلے موقع کی تقریب میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور بختاور بھٹو کے بھائی بلاول بھٹو زرداری نے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث شرکت نہیں کی تھی۔