پاک افغان سرحد پر خواتین کے لیے علیحدہ راستہ مختص

  • January 25, 2021, 4:50 pm
  • National News
  • 185 Views

چمن: پاک افغان سرحد پر خواتین کے لیے علیحدہ راستہ مختص کردیا گیا جس پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے، خواتین کے لیے علیحدہ راستہ مقرر کرنا قبائلی مشران اور سیاسی پارٹیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔

تفصیلات کے مطابق پاک افغان سرحد پر خواتین کے لیے علیحدہ راستے کے کام کا آغاز ہوگیا، خواتین کے لیے نادرا سے باب دوستی تک 12 فٹ کا راستہ مقرر کیا گیا ہے۔

اس موقع پر سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں اور قبائلی مشران نے باب دوستی کا دورہ کیا، خواتین کے لیے علیحدہ راستہ مقرر کرنا قبائلی مشران اور سیاسی پارٹیوں کا دیرینہ مطالبہ تھا۔

قبائلی مشران کا کہنا تھا کہ روایات کے مطابق خواتین کے لیے علیحدہ راستے کا قیام خوش آئند ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس پاک افغان سرحد کے قریب ایک خیمہ بستی قائم کی گئی تھی جہاں افغانستان سے آنے والے پاکستانی شہریوں کو قرنطینہ میں رکھا جارہا تھا۔

افغانستان سے واپس آنے والے پاکستانیوں میں 17 بچے اور 25 خواتین شامل تھے، بعد ازاں خواتین اور بچوں کو گھروں میں منتقل کردیا گیا تھا۔