بٹ کوئن سے داعش کو فنڈنگ، اہم شواہد مل گئے

  • January 27, 2021, 11:34 am
  • National News
  • 187 Views

کراچی: داعش کے لئے فنڈنگ کیسے کی جاتی رہی؟ سی ٹی ڈی نے اہم کامیابی حاصل کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے شام میں داعش کیلئے”بِٹ کوائن” سے فنڈنگ کا سراغ لگا لیا ہے، کراچی سے گرفتار داعش دہشت گرد محمد عمربن خالد ملک نے دوران تفتیش سنسنی خیز انکشاف کردئیے ہیں۔

سی ٹی ڈی کے ہاتھوں گرفتار دہشت گرد نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ پاکستان سے شام جانیوالی چار خواتین کو بِٹ کوائن فنڈنگ کی جاتی تھی، یہ چاروں داعش کی سرگرم کارکن ہیں، پاکستان سے شام جاکر داعش میں شامل ہونےوالی چاروں خواتین کا تعلق لاہور سے ہے۔

دہشت گرد نے انکشاف کیا کہ برطانیہ میں مقیم ایک نوجوان بھی نیٹ ورک کاحصہ ہے، جو بٹ کوائن کے زریعے داعش کو فنڈنگ کرتا ہے۔

گرفتار دہشت گرد کے انکشافات کے بعد سی ٹی ڈی نے میوچل لیگل اسسٹنس کیلئے آئی جی سندھ کو خط بھیج دیا ہے، جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ بِٹ کوائن سے فنڈنگ کی تفتیش کیلئے یو کے اور شام سےمیوچل لیگل اسسٹنس ضروری ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں سی ٹی ڈی پولیس نے کینٹ اسٹیشن کے قریب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم داعش کو فنڈنگ کرنے میں ملوث مبینہ این ای ڈی یونیورسٹی کے طالب علم کو گرفتار کیا تھا۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد حامد نے اپنی پریس کانفرنس میں انکشاف کیا تھا کہ دہشت گردوں کی فنڈنگ بٹ کوائن کے ذریعے بھی کی جا رہی ہے،گرفتار ملزم ایزی پیسہ کے ذریعے ایک ملین روپے سے زائد کی فنڈنگ کرچکا ہے۔