سعودی گورنر تبوک تلور کے شکار کیلئے بلوچستان پہنچ گئے

  • January 27, 2021, 12:28 pm
  • National News
  • 247 Views

سعودی عرب کے صوبہ تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان تلور کا شکار کرنے کے لیے بلوچستان پہنچ گئے۔

گورنر تبوک شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز السعود خصوصی طیارے کے ذریعے بلوچستان کے علاقے دالبندین پہنچنے جہاں گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی نے ان کا استقبال کیا۔

گورنر تبوک دالبندین میں قیام کے دوران اپنے وفد کے ہمراہ تلور کا شکار کھیلیں گے، وہ ہر سال سردیوں میں تلور کا شکار کھیلنے دالبندین آتے ہیں۔
بعد ازاں دالبندین میں دونوں گورنروں کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعد المالکی، کمشنر رخشان ڈویژن سعید عمرانی اور ڈپٹی کمشنر آغا شیر زمان بھی موجود تھے۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا کہ پاكستان اور سعودی عرب كے درمیان روز اول سے برادرانہ گہرے خوشگوار تعلقات قائم ہیں، ضروری ہے كہ جدید تقاضوں كے مطابق دونوں برادر اسلامی ممالک كے درمیان تعلقات كو مزید مستحكم بنایا جائے جب کہ تاریخ گواہ ہے كہ ہر مشكل گھڑی میں سعودی عرب كا خصوصی تعاون رہا ہے۔

گورنر بلوچستان نے كہا كہ پاكستان اور سعودی عرب كے درمیان قریبی دوستی اور خوشگوار تعلقات سے پورے خطے كے پائیدار امن كے لئے بھی مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔