بختاور بھٹو زرداری کو مہندی لگانے والی خاتون کون ہیں؟

  • January 28, 2021, 4:00 pm
  • Entertainment News
  • 1.99K Views

کراچی: شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور سابق صدر آصف زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کے مہندی لگے ہاتھوں کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

بختاور بھٹو زرداری کی گزشتہ روز مہندی کی تقریب تھی۔ گزشتہ روز ہی بختاور نے ایک مختصر ویڈیو شیئر کی تھی جس میں ان کے ہاتھوں میں مہند ی لگائی جارہی تھی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنی مہندی ڈیزائنر کا نام بھی شیئر کیاتھا۔ بختاور کے ہاتھوں میں مہندی لگانے والی خاتون کا نام ام کلثوم ہے۔

بختاور بھٹو کی مہندی لگنے کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی اور آج پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن شرمیلا فاروقی نے انسٹاگرام پر بختاور کی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں ان کے دونوں ہاتھوں میں مہندی کا خوبصورت ڈیزائن دیکھا جاسکتا ہے۔

بختاور بھٹو نے اپنے ہاتھوں پر سندھ کی ثقافت اجرک کا ڈیزائن بنوایا اور مہندی کا رنگ نکھرنے پر وہ بہت خوش نظر آئیں۔ بختاور بھٹو نے مہندی لگے ہاتھوں کے ساتھ حنا ڈیزائنر اُم کلثوم کے ساتھ تصویر بھی بنوائی۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے اپنی مہندی ڈیزائنر کو تحفہ بھی دیا۔

ایک نجی چینل کے مطابق حنا ڈیزائنر ام کلثوم کا تعلق کراچی سے ہے اور انہیں بختاور کے ہاتھوں میں مہندی لگانے کے لیے خصوصی طور پر بلاول ہاؤس مدعو کیا گیا تھا۔ نجی چینل سے بات کرتے ہوئے ام کلثوم نے بتایا کہ انہوں نے بختاور سے پوچھا تھا کہ وہ اپنے ہاتھوں پر کس طرح کا ڈیزائن بنوانا چاہتی ہیں؟ جس پر بختاور نے کہا آپ اپنی مرضی سے بنادیں۔

تھوڑی دیر بعد میں نے دوبارہ پوچھا تو انہوں نے کہا آپ اجرک والا ڈیزائن بنادیں۔ ام کلثوم نے بتایا کہ بختاور بھٹو نے اپنے ہاتھوں میں آرگینک کون سے مہندی لگوائی ہے جس کا رنگ دو دن بعد نکھر کر آتا ہے اور جلدی اترتا نہیں۔ سوشل میڈیا پر بختاور کے اجرک اسٹائل کے مہندی کے ڈیزائن کو بہت پسند کیا جارہا ہے۔