بھارت ہجرت کرنے والے 100 سے زائد پاکستانی ہندو واپس پہنچ گئے

  • January 28, 2021, 12:00 pm
  • National News
  • 113 Views

100 سے زائد پاکستانی ہندو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان واپس پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان واپس پہنچنے والی ہندو برادری نے کہا ہے کہ بھارت میں نہ رہائش دی گئی اورنہ ہی روزگار دیا گیا ، جب کہ ہمارے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا گیا۔ ہندو برادری کے مطابق پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ مساوی سلوک کیا جاتا ہے ، جس کی وجہ سے پاکستان واپس آ کر اپنے ملک کا حساس ہوا ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کوئی بھارت ہجرت کرنے والا ہندو خاندان امتیازی سلوک کے باعث پاکستان آیا ہو ، بھارت ہجرت کرنے والے کئی خاندان ناروا سلوک کے باعث وطن واپس آنا چاہتے ہیں ، بھارت میں ان کو ہندو نہیں بلکہ پاکستانی تصور کیا جاتا ہے اور ان کے ساتھ اچھوتا سلوک کیا جاتا ہے ، اس سے قبل بھارتی ریاست راجھستان کے شہر جودھ پور میں 11 پاکستانی مہاجرین پراسرار طور پر مردہ پائے گئے تھے، جس کے بعد کئی خاندانوں نے پاکستان واپس آنے کا فیصلہ کیا تھا ۔
حال ہی میں ہندو کمیونٹی کے مزید 46 افراد پر مشتمل ہندو بھارت سے پاکستان واپس پہنچ گئے ، پاکستان واپس پہنچنے پر مقامی انتظامیہ اور علاقہ مکینوں نے انہیں خوش آمدید کہا جب کہ اس موقع پر ہندو خاندانوں کی طرف سے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے ، بتایا گیا ہے کہ ہندو کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کچھ ماہ قبل بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی گئے تھے جہاں اُن کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا جس کی بناء پر انہوں نے پاکستان واپسی کا فیصلہ کیا ، وطن واپس پہنچنے پر مقامی انتظامیہ کی طرف سے ہندو کمیونٹی کے افراد کو مکمل تحفظ اور سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
قبل ازیں بھی بھارت ہجرت کرنے والے دو ہندو خاندان امتیازی سلوک سے دلبرداشتہ ہو کر پاکستان واپس لوٹ آئے ، میڈیا رپورٹس کے مطابق 8 ماہ قبل میرپور خاص کے رہائشی 2 ہندو خاندان بھارت کی جانب ہجرت کر گئے تھے ، بھارت جانے کے بعد وہاں پر پاکستانی ہونے کے باعث امتیازی سلوک کی وجہ سے دلبرداشتہ ہو کر واپس پاکستان آنے کا فیصلہ کیا،بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن کی مدد سے دونوں خاندانوں کو پاکستان پہنچا دیا گیا ، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میرپور خاص پریم چند نے دونوں خاندانوں کا استقبال کیا ۔
ان کی واپسی پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پریم چند نے کہا ہے کہ ہندو خاندانوں کے وطن واپس آنے پر ان کا خصوصی خیال رکھیں گے ، انہوں نے بتایا کہ دونوں خاندانوں کا تعلق کچی کوہلی قبیلے سے ہے اور یہ خاندان 8 ماہ پہلے بھارت ہجرت کر کے گئے تھے ، ان کی واپسی پر خوشی محسوس ہو رہی ہے، ان کا یہاں مکمل خیال رکھا جائے گا ۔