بل گیٹس نے دنیا کو ایک اور وبا سے خبردار کردیا

  • January 28, 2021, 12:02 pm
  • Health News
  • 341 Views

نیویارک: مائیکرو سافٹ کے بانی اور دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل بل گیٹس نے خبردار کیا ہے کہ دنیا اگلی وبا کے لیے تیار رہے اور یہ تیاری جنگی بنیادوں پر ہونی چاہیے۔

بل گیٹس اور ان کی اہلیہ کی جانب سے جاری کردہ سالانہ پیغام میں کہا گیا ہے کہ آئندہ وبا کی صورت میں ہماری تیاری نہ ہوئی تو ہم اس کے نتائج کے متحمل نہیں ہوسکیں گے۔ جب تک ہم اس حوالے سے اقدامات نہیں کرتے، ایک اور وبا کا خطرہ ہمارے سر پر منڈلاتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث ہونے والے نقصانات سے آئندہ وباؤں میں محفوظ رہنے کے لیے ہمیں جنگی بنیادوں پر تیاری کرنا ہوگی۔ مستقبل میں وباؤں کو روکنے کے لیے اربوں ڈالر سالانہ کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کی ہمیں 28 کھرب ڈالر قیمت ادا کرنا پڑی ہے۔
اپنے پیغام میں بل گیٹس اور ان کی اہلیہ نے دنیا پر زور دیا ہے کہ کھربوں کے نقصان سےبچنے کے لیے پہلے ہی سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کرنا بہتر ہے۔ اس کے لیے بیماریوں کی تشخیص اور ویکسین کی تیاری کی ٹٰیکنالوجی میں ترقی کے ساتھ عالمی طور پر وبا کے خطرے سے خبردار کرنے کے لیے باقاعدہ نظام کا قیام بھی ضروری ہے، یہ کام کئی وباؤں کے باوجود ابھی تک نہیں کیا جاسکا ہے۔

واضح رہے کہ بل گیٹس نے اس سے قبل 2015 میں بھی ایک عالمی وبا کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔ کورونا کے بعد بل گیٹس کسی بھی ایسے خطرے سے قبل از وقت خبردار کرنے کے لیے تین ہزار افراد پر مشتمل ایک خصوصی فورس تشکیل دینے کا خیال پیش کرچکے ہیں اوراس کا پرچار بھی کررہے ہیں۔


بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے کورونا وائرس وبا کے مقابلے کے لیے اب تک ایک ارب 75 کروڑ ڈالر خرچ کیے جاچکے ہیں جن میں ترقی پذیر ممالک میں فاؤنڈیشن کے تحت جاری منصوبوں کی لاگت بھی شامل ہے۔