یکم فروری سے اسکول نہیں کھلیں گے، صوبائی حکومت نے تعطیلات میں اضافہ کر دیا

  • January 30, 2021, 11:14 am
  • Education News
  • 379 Views

یکم فروری سے اسکول نہیں کھلیں گے، صوبائی حکومت نے تعطیلات میں اضافہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کی حکومت نے سردی کی شدید لہر کی وجہ سے صوبے کے بیشتر علاقوں کے تعلیمی ادارے یکم فروری سے کھولنے کا فیصلہ موخر کر دیا۔ خیبرپختونخواہ کے محکمہ تعلیم نے صوبے کے سرد علاقوں میں واقع تعلیمی ادارے 15 فروری تک بند رکھنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔
سرد علاقوں کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات میں توسیع کر دی گئی ہے۔ جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق سرکاری و نجی تعلیمی ادارے اب یکم کی بجائے 15 فروری سے کھلیں گے۔ اس سے قبل محکمہ تعلیم نے ان علاقوں کے تعلیمی اداروں میں 31 جنوری تک تعطیلات دی تھیں۔ دوسری جانب خیبرپختونخواہ کے کچھ علاقوں، پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں یکم فروری سے پرائمری اور مڈل اسکول کھول دیے جائیں گے۔
کرونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث دی گئی تعطیلات میں اضافہ کر کے اسکول 31 جنوری تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ جبکہ کچھ روز قبل تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم اور وفاقی وزیر تعلیم نے صورتحال کا بغور جائزہ لینے کے بعد یکم فروری سے پرائمری اور مڈل اسکول کھولنے کا فیصلہ کیا۔ بعد ازاں این سی او سی نے بھی وزرائے تعلیم کے فیصلے کی توصیق کر دی تھی۔
جبکہ آج 29 جنوری کو پنجاب حکومت نے یکم فروری سے پنجاب بھر میں پرائمری سے مڈل تک سرکاری وپرائیوٹ سکولزکھولنے کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا۔ جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب میں تمام تعلیمی ادارے 50 فیصد طلبا ء کو بلانے کے ایس اوپیز پرعمل کریں گے ۔سکولوں کو کرونا کیسزکے حو لے سے محتاط رہنے اور کسی کیس کے سامنے آنے پرمتعلقہ حکام کو فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔محکمہ تعلیم پنجاب کے مطابق صوبے میں مدارس اورسپیشل ایجوکیشن ادارے بھی یکم فروری 2021 سے تعلیمی سلسلہ شروع کریں گے۔ پنجاب میں سیکنڈری اورہائیرسیکنڈری بورڈ کے امتحانات مئی اورجون میں ہوں گے۔