’عمران خان کی تعریف کیوں کی‘ والد نے بیٹی کا رشتہ دینے سے انکار کردیا

  • February 1, 2021, 11:27 am
  • National News
  • 206 Views

وزیراعظم عمران خان کی تعریف کرنے پر والد نے بیٹی کا رشتہ دینے سے انکار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر کمالیہ میں ایک شخص نے منگنی کے لیے آئے مہمانوں کو محض اس لیے واپس بھیج دیا کہ انہوں نے اس کے سامنے وزیر اعظم عمران خان کی تعریف کردی۔ بتایا گیا ہے کہ مہمانوں کے ساتھ ہونے والی گفتگو کے دوران ان کی طرف سے وزیر اعظم کی تعریف سن کر وہ شخص اس قدر آگ بگولہ ہوا کہ اس نے ناصرف اپنی بیٹی اکا رشتہ دینے سے انکار کردیا بلکہ منگنی کے لیے گھر آئے مہمانوں کو بھی گھر سے بھگا دیا۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے معاشی ٹیم کو چوکنا رہنے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی ہدایت کردی ، اپنےایک پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ معاشی سطح پر مزید اچھی خبریں سامنے آ رہی ہیں ، افراط زر کو کم کرنے کی ہماری کوششیں اب نتائج دکھا رہی ہیں ، ہماری حکومت کے قائم ہونے کے مقابلے میں اب مہنگائی اور بنیادی افراط زر کی مجموعی شرح کم ترین سطح پر ہے ، میں نے اپنی معاشی ٹیم کو چوکنا رہنے اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اس سے پہلے رواں ہفتے مہنگائی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ، ایک ہفتے کے دوران 19 سے زائد اشیائے ضروریہ مہنگی ہوگئی ہیں ، تفصیلات کے مطابق ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعداد و شمارجاری کر دیے ہیں ، ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے مہنگائی میں 0.32 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ، رواں ہفتے 8 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی جب کہ 24 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں، زندہ مرغی کی قیمت میں فی کلو 8 روپے 44 پیسے کا اضافہ ہوا ہے ، پٹرول بھی فی لیٹر 3 روپے 23 پیسے مہنگا ہوا ہے ، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 97 پیسے اضافہ ہوا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ڈھائی کلو برانڈڈ گھی کی قیمتوں میں 20 روپے کا اضافہ ہوا، 5 لیٹر کھانے کا برانڈڈ تیل 35 روپے تک مہنگا ہوا، ایک ہفتے میں جن دیگر اشیا کی قیمتیں بڑھیں ان میں دال مونگ، پیاز، ماچس، مسٹرڈ آئل، گڑ، مٹن، بیف شامل ہیں ، ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے کچھ اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی ہوئی ہے، ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 11 روپے 13 پیسے کی کمی ہوئی۔