عمران خان کو ٹی وی سے پتہ چلے گا کہ وہ گھر جاچکے ہیں، ترجمان (ن) لیگ
- February 1, 2021, 6:15 pm
- Political News
- 115 Views
لاہور: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ استعفیٰ دینے کی ڈیڈ لائن گزرجانے کے بعد اب عمران خان کو ٹی وی سے پتہ چلے گا کہ وہ گھر جاچکے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اور نگزیب کا کہنا ہے کہ 6 ووٹوں کی بنیاد پر سلیکٹڈ وزیراعظم کو مسلط کیا گیا، پیٹرول، آٹا چینی دوائی گیس، ایل این جی، بجلی چور عمران مافیا ظلم، کرپشن اور کمیشن کا نشان بن چکا ہے، ڈھائی سال میں ریکارڈ 14000 ارب ڈالرقرض لیا گیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عوام سے ڈالر کی قیمت بڑھنے کا ٹی وی سے پتہ چلنے کا مذاق کیا جاتا تھا، اب وہی عمران خان کے ساتھ ہونے والا ہے، آٹا چینی ، فارن فنڈنگ میں ملوث سلیکٹڈ وزیراعظم کو اپنے گھر جانے کی اطلاع اب ٹی وی سے پتہ چلے گی، عوام پر ظلم کرکے ٹی وی سے پتہ چلنے کا مذاق کرنے والے سلیکٹڈ وزیراعظم کو اپنی رخصتی کا اب ٹی وی سے ہی پتہ چلے گا، استعفیٰ دینے کی ڈیڈ لائن گزرجانے کے بعد اب عمران صاحب کو ٹی وی سے پتہ چلے گا کہ وہ گھر جاچکے ہیں۔
لیگی ترجمان نے کہا کہ اوپن بیلٹ پر سلیکٹڈ وزیراعظم پریشان ہیں کیونکہ اتحادی اورارکان ساتھ چھوڑ چکے ہیں، چیئرمین سینٹ کے انتخاب میں ووٹ پر ڈاکا ڈالاگیا، مسلم لیگ (ن) کا مطالبہ اس وقت عمران صاحب کیوں نہیں سنا؟، جب اپوزیشن اوپن بیلٹ کی بات کررہی تھی تو اس وقت عمران خان تکبر، غرور کا بت بنے رہے، اب اس لئے چیخیں نکل رہی ہیں کیونکہ احتساب کے نام پر سیاسی انتقام قوم کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے، روزانہ کمشن خور ٹی وی پرآکر جھوٹے کاغذ لہراتا ہے تو عوام چینل تبدیل کردیتے ہیں، کمیشن خور ہی سلیکٹڈ وزیراعظم کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ٹھونکے گا۔