ڈیری فارمرز نے دودھ کی قیمت میں 20 روپے کا اضافہ کر دیا

  • February 2, 2021, 12:30 pm
  • Breaking News
  • 187 Views

کراچی: ڈیری فارمرز نے ایک بار پھر دودھ کی قیمت میں از خود 20 روپے کا اضافہ کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈیری فارمرز نے ریٹیل میں دودھ کی قیمت 20 روپے اضافے کے بعد 140 روپے کرنے کا اعلان کر دیا، جب کہ انتظامیہ کی پر اسرار خاموشی برقرار ہے۔

ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر شاکر عمر گجر نے کہا کہ ہول سیل سطح پر 16، ریٹیل سطح پر 4 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ دودھ کی سرکاری قیمت 94 روپے فی لیٹر مقرر ہے، جب کہ شہر میں دودھ پہلے ہی غیر سرکاری طور پر 120 روپے پر فروخت کیا جا رہا تھا۔

ڈیری فارمرز غیر سرکاری طور پر دودھ کی قیمتوں میں از خود 46 روپے کا اضافہ کر چکے ہیں۔

دوسری طرف دودھ ریٹیلرز نے ڈیری فارمرز کی جانب سے دودھ کے نرخ میں اضافے سے اظہار لا علمی کر دیا ہے، ریٹیلرز کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی لاعلمی اور لاتعلقی پر ڈیری فارمرز نے ازخود قیمتوں کا اضافہ کیا ہے، ہم کمشنر کراچی کے مقرر کردہ نرخ پر دودھ فروخت کرنے کے پابند ہیں۔