کوٹ لکھپت جیل میں شہباز شریف کی طبیعت بگڑگئی، کینسر اسپتال منتقل
- February 4, 2021, 9:49 pm
- Political News
- 108 Views
لاہور: کوٹ لکھپت جیل میں قید مسلم لیگ ن کے سربراہ شہباز شریف کی طبیعت خراب ہوگئی اور انہیں طبی ٹیسٹوں کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن اینڈ انکالوجی (انمول) کینسر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پیٹ اسکین کیے گئے۔ اس موقع پر سخت سیکورٹی انتظامات کیے گئے اور ہسپتال و اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔ پیٹ اسکین کے بعد شہباز شریف واپس جیل روانہ ہوگئے۔
شہباز شریف کو بلڈ کینسر کا مرض لاحق رہا ہے اور وہ لندن میں زیرعلاج رہے ہیں۔ عدالتی حکم پر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کی سربراہی میں اسپیشل میڈیکل بورڈ علاج کر رہا ہے۔ شہباز شریف کے ذاتی معالجین بھی انمول ہسپتال میں موجود رہے۔
طبی ٹیسٹوں کی رپورٹس ہفتہ یا پیر تک ملیں گی جس کے بعد شہباز شریف کو ہسپتال میں داخل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ شہباز شریف نیب کے منی لانڈرنگ ریفرنس میں گرفتار ہیں اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں قید ہیں۔