کراچی ، بینکوں سے 5 لاکھ روپے نکلوانے والوں کو سکیورٹی دینے کا اعلان
- February 11, 2021, 3:43 pm
- Breaking News
- 546 Views
کراچی میں پولیس نے بینکوں سے 5 لاکھ روپے نکلوانے والوں کو سکیورٹی دینے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں سائٹ پولیس کی جانب سے بینک سے 5 لاکھ روپنے نکلوانے والوں کو سیکیورٹی دینے کا اعلان کیا گیا ہے ، اس ضمن میں پولیس نے کہا ہے کہ کسی بھی بینک سے 5 لاکھ روپے یا اس سے زائد رقم نکلوانے والے شہری پہلے پولیس سے رابطہ کریں۔
بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے شہریوں کو آگاہ کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے بینکوں کے باہر پوسٹرز بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔
دوسری طرف مختلف بینکوں کی جانب سے اے ٹی ایم ٹرانزیکشن فیس وصول کیے جانے کی وجہ بھی سامنے آچکی ہے ، میڈیا رپورٹ کے مطابق اے ٹی ایم ٹرانزیکشن کی رسید پر 2 روپے 50 پیسے کاٹنے کا فیصلہ اے ٹی ایم کا نیٹ ورک چلانے والی کمپنی ون لنک کی جانب سے کیا گیا۔
جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ون لنک نے ایک مہم ’گو گرین‘ کے نام سے شروع کی ہے ، جس کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کے لیے عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں میں شامل ہونا ہے ، جس کے تحت بینک صارفین کیلئے اے ٹی ایم سے رقوم نکالنے کے بعد کاغذ کی رسید حاصل کرنے کا آپشن ان کے اختیار میں دیا گیا ہے ، لہٰذا صارفین چاہیں تو رسید حاصل کرنے کے لیے ’ہاں‘ کا بٹن دباکر رسید وصول کرسکتے ہیں جس کیلئے انہیں 2 روپے 50 پیسے ادا کرنا ہوں گے ، اے ٹی ایم سے رسید لینے پر یہ ڈھائی روپے تمام بینک نہیں کاٹ رہے بلکہ ابھی صرف چند بینکوں کی جانب سے ہی ایسا کیاجا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹ میں ون لنک ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ’گو گرین‘ مہم کے تحت یہ اقدام معاشرے میں پرنٹڈ کاغذ کے استعمال کو کم کرنے کے لیے اٹھایا گیا کیوں کہ صارف عام طور پر یہ رسید ضائع کردیتے ہیں تاہم سٹیٹ بینک پاکستان کی جانب سے رسید لازمی طور پر حاصل کرنے کی کوئی شرط عائد نہیں کی گئی اور یہ صارفین کا اختیار ہے کہ وہ رسید حاصل کریں یا ایس ایم ایس کے ذریعے اکاؤنٹ کی تفصیل دیکھیں جس پر انہیں کسی بھی قسم کے چارجز نہیں دینے ہوں گے جب کہ رسید لینے پر انہیں 2 روپے 50 پیسے ادا کرنا ہوں گے۔