نامور شخصیات کے موبائلز فونز ہیک کرنے والے نوجوانوں کا گینگ گرفتار

  • February 12, 2021, 11:49 am
  • Science & Technology News
  • 250 Views

گزشتہ دنوں سپریم کورٹ آف پاکستان نے اپنے ایک معتبر جج کے موبائل فون ہیک ہونے کی خبردی اور کہا کہ اگر ان کے نمبر سے کوئی بھی خبر آئے تو اسے سچ تسلیم نہ کیا جائے کیونکہ ان کا فون ہیک ہو چکا ہوا ہے۔اتنی بڑی اور اہم شخصیت کا موبائل فون ہیک ہونا پریشانی کی بات ہے مگر یہ صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں لوگوں کے ٹیلی فون ہیک ہوتے اور ان کے ڈیٹا سمیت خفیہ پاسورڈ بھی چرا لیے جاتے ہیں جس کے بعد ان کے اے ٹی ایم کارڈ کی مدد سے اکاؤنٹ کا صفایا کر دیا جاتاہے۔
حیرانی کی بات یہ ہے کہ سائبر کرائم سمیت ٹیکنالوجی کی مدد سے ہونے والی ان وارداتوں میں نوجوان لوگوں کی اکثریت ہے۔امریکا میں بھی ایسی وارداتیں عروج پر ہیں اور وہاں نوجوانوں کا ایک گینگ پکڑا بھی گیا ہے۔
خبر کے مطابق امریکا کی نامور شخصیات کے موبائل فونز ہیک کرنے والا برطانوی نیٹ ورک پکڑا گیا۔ دو ممالک کی خفیہ ایجنسیوں نے طویل نگرانی اور شواہد موصول ہونے پر ہیکرز کو گرفتار کر لیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق شوبز سے وابستہ اہم شخصیات، اسپورٹس اسٹارز اور میوزیشنز کے موبائل فونز ہیک کرکے ان کی ذاتی معلومات چرانے اور مالی ٹرانزکشنز کرکے انہیں لوٹنے والے گروہ کا پتہ لگا لیا گیا ہے۔امریکا کی سیکریٹ سروس، ایف بی آئی، اسکاٹ لینڈ یارڈ اور برطانوی پولیس نے کئی روز کی مانیٹرنگ اور سخت جدوجہد کے بعد برطانیہ سے 8 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے۔
ان ہیکرز کی عمریں 18 سے 26 سال کے درمیان ہیں جو موبائل فونز اور سم پر سوئپنگ حملوں میں ملوث تھے۔ ملزمان متاثرہ افراد کے فونز کے سم کارڈز کو ڈی ایکٹیویٹ کرکے ہیک کر لیتے تھے۔ہیکرز اپنے کرمنل نیٹ ورک کے زیر کنٹرول سم میں اس نمبر کو منتقل کر دیتے اور پھر ایپس پر تبدیل شدہ پاس ورڈز فنکشنز استعمال کر کے باقی کورڈز، ایس ایم ایس اور ای میلز کے ذریعے وصول کر لیتے۔نیشنل کرائم ایجنسی این سی اے کا کہنا ہے کہ کچھ کیسز میں تفتیش کار ہیکرز کا نشانہ بننے سے پہلے ہی متعلقہ افراد تک پہنچ گئے تھے اور ہیکنگ سے پہلے ہی ان کے موبائل فونز بند کر دیے تھے۔