تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا، حکومت نے فیصلہ کرلیا
- February 15, 2021, 12:37 pm
- Business News
- 516 Views
وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 18 محکموں کی تنخواہوں میں 25 فیصد مجوزہ اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ایکسٹرا الاؤنسز لینے والے محکموں کے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا ، جن میں ایوان صدر، وزیر اعظم سیکریٹریٹ ،سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ملازمین بھی شامل ہیں جب کہ ان 18محکموں کے مجموعی طور پر 3 لاکھ 26 ہزار745 ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فی صد اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ حکومتی فیصلے کی روشنی میں ایف بی آر، شعبہ صحت ، نیب ، اعلیٰ عدلیہ اور وفاقی پولیس کے ساتھ ساتھ موٹروے پولیس کے ملازمین کی تنخواہیں بھی نہیں بڑھائی جائیں گی جب کہ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس،انٹیلی جنس بیورو،آئی ایس آئی اور ایف آئی اے ، لاء اینڈ جسٹس کمیشن ، پارلیمانی افیئر ڈویژن اور اسلام آباد ماڈل پولیس کے ملازمین بھی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافے سے محروم رہیں گے۔
دوسری طرف وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے حوالے سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا ، جاری اعلامیہ کے مطابق گریڈ 1 سے 19 تک کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ ہوگا ، تنخواہوں میں اضافہ صرف ان ملازمین کیلئے ہوگا جو پہلے سے اضافہ الاونسس وصول نہیں کر رہے ، تنخواہوں میں اضافہ ایڈہاک بنیاد پر یکم مارچ سے ہی کر دیا جائے گا جبکہ یکم جولائی سے ایڈہاک اضافے کو بنیادی تنخواہ میں بھی ضم کر دیا جائے گا ، وفاقی حکومت نے تمام صوبوں سے بھی اپنے وسائل کے مطابق سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی سفارش بھی کی ہے ،وزارت خزانہ نچلے اسکیل کے ملازمین کی اسکیل پروموشن اور اپ گریڈیشن کے لیے بھی کام کرے گی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ جمعرات کے روز وزیراعظم عمران خان سے سرکاری وفاقی ملازمین سے مذاکرات کرنے والی حکومتی کمیٹی نے ملاقات کی ، ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید ، پرویز خٹک اور علی محمد خان شامل تھے ، جب کہ وزارت خزانہ کے حکام کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو تنخواہوں میں اضافے اور اضافے سے قومی خزانے پر پڑنے والے بوجھ پر بریفنگ دی گئی ، وزیراعظم کو سرکاری وفاقی ملازمین سے طے ہونے والے فارمولے پر بھی بریفنگ دی گئی ، وزیراعظم عمران خان نے بریفنگ لینے کے بعد وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی جبکہ سرکاری وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری کابینہ سے لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔