پاکستانی طالبہ اے سی سی اے میں سب سے زیادہ نمبر لے کر سرِفہرست

  • February 16, 2021, 2:00 pm
  • Education News
  • 344 Views

لاہور:

پاکستانی طالبہ زارا نعیم ڈار نے ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس کے دسمبر 2020ء کے امتحان میں پوری دنیا میں سب سے زیادہ نمبر لے کر پاکستان کے لیے ایک اعزاز حاصل کیا ہے۔

اس امتحان میں 179 ممالک کے 5 لاکھ 27 ہزار طلبا و طالبات شریک تھے جس میں زارا نعیم نے سرِ فہرست رہ کرپاکستان کے لیے ایک اہم اعزاز حاصل کیا ہے۔
لاہور کی رہائشی زارا نعیم، ایس کے اے این ایس اسکول آف اکاؤنٹنگ کی طالبہ ہیں اور وہ فائنینشل رپورٹنگ کے امتحان میں پوری دنیا میں اول رہی ہیں۔ زارا نعیم نے اس حوصلہ افزائی اور سراہنے پر قوم کا شکریہ ادا کیا ہے۔ اپنی کامیابی کے لیے انہوں نے بطورِ خاص اپنے والد کا شکریہ ادا کیا جن کی فراہم کردہ تعلیم، تربیت اور حوصلہ افزائی سے ہی وہ اس مقام تک پہنچی۔


زارا نے کہا ہے کہ ان کے والد عسکری افسر ہیں اور وہ ہی ان کے اصل ہیرو بھی ہیں۔ زارا نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ میں بتایا کہ انہوں نے اپنے والد کو کیریئر کی بلندیوں پر جاتے دیکھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ ان کے لیے ایک اہم مشعلِ راہ ہیں۔

زارا کی اس کامیابی پر وزیر برائے اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے بھی اپنی مسرت کے اظہار کا ٹویٹ کیا ہے۔

پروپاکستانی نامی ویب کے مطابق زارا نعیم اس کامیابی کے بعد خود اپنی کمپنی کھولنے کی خواہاں ہیں کیونکہ وہ پراعتماد ہیں کہ وہ اس طرح بین الاقوامی کارباری اداروں اور کلائنٹس کا اعتماد جیت سکیں گی۔