سینیٹ انتخابات، یوسف رضا گیلانی کی جیت کے امکانات روشن ہو گئے
- February 17, 2021, 5:04 pm
- Political News
- 176 Views
سابق صدر آصف علی زرداری سینیٹ الیکشن کے لیے متحرک ہو گئے ہیں۔پنجاب کے ارکان اسمبلی سے ٹیلی فونک رابطے کیے۔تفصیلات کے مطابق آصف علی زرداری یوسف رضا گیلانی کی جیت یقینی بنانے کے لیے سرگرم ہو گئے۔مختلف پارٹیوں کے ارکان سے رابطے کر لیے۔ذرائع کے مطابق ارکان سے رابطوں میں آصف علی زرداری نے یوسف رضا گیلانی کی حمایت مانگ لی۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اتحادیوں کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف کے کئی ارکان نے حمایت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔سابق صدر نے تحریک انصاف کے ارکان کو مستقبل کی سیاست میں اکاموڈیٹ کی یقین دہانی کرا ئی ہے۔یوسف رضا گیلانی کی جیت کی صورت میں پی ڈی ایم وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم پیش کرے گی۔
جہاں ایک طرف پی ڈی ایم کا دعویٰ ہے کہ یوسف رضا گیلانی جیت جائیں گے۔
وہیں وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ، یوسف رضا گیلانی 39 ووٹوں سے ہاریں گے۔ خیال رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے سینیٹ انتخاب میں یوسف رضا گیلانی کو ٹکٹ دیا تھا جس کے پیش نظر یوسف رضا گیلانی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے تاہم دوسری طرف سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے سینیٹ الیکشن کے لیے جمع کروائے جانے والے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کر دیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرید رحمان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درخواست دائر کی جس میں انہوں نے سابق وزیراعظم اور سینیٹ الیکشن میں پیپلز پارٹی کے اُمیدوار یوسف رضا گیلانی پر حقائق چُھپانے کا الزام عائد کیا۔ فرید رحمان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو جمع کروائی گئی درخواست میں مؤقف اپنایا کہ یوسف رضا گیلانی نے کاغذات نامزدگی میں توہین عدالت میں سزا یافتہ ہونے کا ذکر نہیں کیا ، یوسف رضا گیلانی نے حقائق چُھپائے جس پر وہ آئین کے آرٹیکل 62 پورا نہیں اترتے ، یوسف رضا گیلانی اچھی شہریت کے حامل نہیں ہیں ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرید رحمان نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جائیں۔