پاوری گرل نے اپنے نام کا مطلب بتا دیا
- February 17, 2021, 5:05 pm
- Entertainment News
- 310 Views
پاوری گرل نے اپنے منفرد نام کا مطلب بتا دیا ۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ''پاوری گرل'' دنانیر مبین نے بتایا کہ میں اے لیول کی تعلیم مکمل کر چکی ہیں اور مزید تعلیم کے لیے مختلف جامعات میں داخلہ لینے کا سوچ رہی ہوں۔ دنانیر نے بتایا کہ میری زندگی کا مقصد ہے کہ میں ڈگری لینے کے بعد سی ایس ایس امتحان دوں اور اس میں کامیاب ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ میرا تعلق پشاور سے ہے۔ اپنے منفرد نام کا مطلب بتاتے ہوئے دنانیر نے بتایا کہ میرا نام قدیم عربی زبان سے لیا گیا ہے، اور میرے نام کا مطلب ''دولت'' ہے۔ جبکہ بی بی سی سمیت دیگر ٹی وی چینلز کو دئے گئے انٹرویوز میں دنانیر نے بارہا کہا کہ میں نے یہ ویڈیو وائرل ہونے کا سوچ کر یا ایسی کسی نیت سے نہیں بنائی تھی ، انہوں نے بتایا کہ نتھیا گلی گھومنے کے بعد جب ایک مقام پر کھانا کھانے کے لیے رُکی تو اس وقت اچانک سے موبائل نکال کر میں نے یہ ویڈیو بنائی اور اپ لوڈ کر دی، مجھے اندازہ بھی نہیں تھا کہ یہ ویڈیو اتنی وائرل ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا تھا کہ میں نے صرف انسٹاگرام پر موجود اپنے فالوورز کو ہنسانے کے لیے یہ ویڈیو بنائی تھی لیکن میں لوگوں کی بے حد مشکور ہوں جنہوں نے اس کو پسند کیا۔ خیال رہے کہ پاکستانی سوشل میڈیا انفلوئنسر دنا نیر کی ایک ویڈیو گذشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ۔ اس ویڈیو میں دنانیر نے اپنے مخصوص لہجے میں کہا کہ ''یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پارری ہو رہی ہے''۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اس قدر وائرل ہوئی کہ دیکھتے ہی دیکھتے اسے نہ صرف پاکستان میں لاکھوں لوگوں نے دیکھا بلکہ اسے سرحد پار بھارت میں بھی خاصی مقبولیت حاصل ہوئی، دنانیر کی اس ویڈیو پر روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں کی تعداد سے دیکھنے والوں کا اضافہ ہو رہا ہے ۔ دنانیر کی اس ویڈیو کی مقبولیت کے بعد بھارت کے معروف یوٹیوبر یشراج مکھاٹے نے ان کی ویڈیو پر ایک ریپ گانا بھی تیار کیا جسے خوب پسند کیا گیا۔