گھی مزید مہنگا ہوگیا ، فی کلو قیمت نے ٹرپل سینچری مکمل کرلی

  • February 17, 2021, 5:06 pm
  • Business News
  • 146 Views

ملک میں درجہ دوم کے گھی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ، درجہ اول کی قیمت نے ٹرپل سینچری مکمل کرلی۔ تفصیلات کے مطابق اوپن مارکیٹ میں درجہ دوم کے گھی کی ہول سیل قیمت میں 3 روپے جب کہ پرچون قیمت میں 5 روپے فی کلو اضافہ کردیا گیا جس کے بعد درجہ دوم کے گھی نئی قیمت 255 روپے ہوگئی جب کہ درجہ اول کا گھی اوپن مارکیٹ میں اس وقت 300 روپے فی کلو تک مہنگا ہوگیا۔
اس کے علاوہ ملک میں آٹا، چینی، چاول، دالیں، گھی ، کوکنگ آئل سمیت دیگر اشیائے خورد و نوش بھی مزید مہنگی ہوگئیں ، تفصیلات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران مہنگائی میں 0.81 فی صد اضافہ ہوا ، جس کے باعث چینی، آٹا، چکن، انڈے، چاول، دالیں، گھی، کوکنگ آئل اور لال مرچ سمیت کھانے پینے کی 24 اشیاء مزید مہنگی ہوگئیں ، ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران ملک میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 24 روپے مہنگا ہوا جب کہ چینی کی قیمت 3 روپے 37 پیسے فی کلو بڑھ گئی جس کے بعد چینی کی فی کلو قیمت 90 روپے 22 پیسے سے بڑھ کر 93 روپے 59 پیسے ہو گئی ، اس کے علاوہ گھی کی فی کلو قیمت بھی ساڑھے 3 روپے اضافے کے بعد 291 روپے 65 پیسے تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں چکن کی فی کلو قیمت میں اوسط 11 روپے 47 پیسے اضافہ ہوا ، جس کے بعد چکن کی فی کلو قیمت 225 روپے تک پہنچ گئی جب کہ انڈے کی اوسط فی درجن قیمت میں 6 روپے 80 پیسے اضافہ ہوا ، دال چنا 2 روپے ، دال ماش ڈیڑھ روپے ، دال مونگ ایک روپے مہنگی ہوئی ، اس کے علاوہ چاول ، دال مسور، مٹن، خشک دودھ اور نہانے کے صابن کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ، اس کے ساتھ ساتھ 200 گرام سرخ مرچ میں 6 روپے 53 پیسے کا اضافہ ہوا اور قیمت 366 روپے 59 پیسے ہو گئی۔