مولانا طارق جمیل نےکپڑوں کا برانڈ لانچ کرنے کا فیصلہ کرلیا

  • February 19, 2021, 1:22 pm
  • Business News
  • 225 Views

مولانا طارق جمیل نےکپڑوں کا برانڈ لانچ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل جلد ہی کپڑوں کا ایک برانڈ لانچ کررہے ہیں، اس حوالے سے مولانا کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جلد کُرتا اور شلوار قمیض کا برانڈ لانچ کریں گے۔ مولانا طارق جمیل کے ترجمان شبیر احمد عثمانی کا کہنا تھا کہ یہ برانڈ کب لانچ کیا جائے گا اس بارے میں ابھی نہیں بتا سکتا البتہ اپنی ثقافت سے جڑے رہنے کے لیے مولانا کرتا اور شلوار قمیض کا برانڈ لانچ کریں گے ۔
اس حوالے سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ لنکڈ اِن پر ایم ٹی جے- طارق جمیل نامی برانڈ کا پیج بھی بنایا گیا ہے، اس کی تفصیلات میں لکھا ہے کہ ’یہ ایک فیشن برانڈ ہے جس کی نگرانی مولانا خود کررہے ہیں، یہ برانڈ مولانا کے بتائے گئے اصولوں کو سیکھنے اور عمل کرنے کیلئے کوشاں ہیں‘ ۔
اس کے ساتھ ہی اس برانڈ کے لیے ملازمت کے لیے اشتہار بھی دیا گیا ہے ۔

دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ جنید جمشید فیشن برانڈ ساؤتھ کے سربراہ بلال اکرم کی لنکڈ اِن پروفائل کے مطابق وہ ایم ٹی جے میں ڈائریکٹر آپریشنز ہیں۔ خیال رہے کہ اب تک مولانا طارق جمیل کی جانب سے باضابطہ طور پر اس برانڈ کی لانچنگ کے حوالے سے کوئی بیان نہیں جاری کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل معروف نعت خواں اور مبلغ جنید جمشید کا بھی ایک فیشن برانڈ چل رہا ہے جو کہ جے ڈاٹ کے نام سے مشہور ہے اور ایک جانا پہچانا نام ہے ۔ جنید جمشید نے کرتا اور شلوار قمیض سمیت مشرقی لباس کو فروغ دینے کے لیے اس براںڈ کی بنیاد رکھی تھی ۔ جنید جمشید چند برس ایک جہاز کریش حادثے میں انتقال کر گئے تھے ۔