گوادر اسٹیڈیم کا پہلا میچ پاکستان کے بیٹے مرحوم محمدعلی سدپارہ کے نام
- February 19, 2021, 2:00 pm
- Sports News
- 298 Views
گوادر : وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کرکٹ میچ کوہ پیمامحمد علی سدپارہ کے نام کر دیا اور کہا حکومت کی گوادر کو دنیا کا خوبصورت ترین سیاحتی مقام بنانے پر توجہ ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق دنیا کے سب سے خوبصورت گوادر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں میدان سج گیا ، گوادراسٹیڈیم میں سیاسی، سماجی اور شوبز ستاروں کے پہلے دوستانہ میچ کا آغاز ہوگیا، کرکٹ میچ میں معاون خصوصی زلفی بخاری،برطانوی ہائی کمشنر سمیت اہم شخصیات شریک ہیں۔
میچ سے قبل محمد علی سدپارہ کیلئے خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا ، اس موقع پر معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ گوادر اسٹیڈیم کا پہلا میچ پاکستان کے بیٹے محمدعلی سدپارہ کے نام کر رہے ہیں۔
زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ دنیا کی خوبصورت ترین کرکٹ پچ پر کھیلنے کیلئے پرجوش ہیں، دنیا آج خوبصورت بلوچستان اوران کے مہمان نواز لوگ دیکھےگی، ایسا خوبصورت گراؤنڈ دنیا بھر میں دیکھنے کو نہیں ملے گا۔
معاون خصوصی نے کہا انشااللہ ہر سال گوادرکرکٹ اسٹیڈیم میں ٹورنامنٹ ہو گا، حکومت کی گوادرکودنیاکاخوبصورت ترین سیاحتی مقام بنانےپر توجہ ہوگی۔
خیال رہے کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا سیلیبریٹی میچ کھیلا جارہا ہے ، میچ میں شوبز شارکس اورگوادرڈولفن کی ٹیمیں مدمقابل ہیں، نمائشی میچ کا نام ’’سوپر ہے پاکستان کپ‘‘ رکھا گیا ہے۔
نمائشی میچ گوادر کی ترقی اور کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا ، شوبز شارکس کی قیادت پی سی بی کے سی ای او وسیم خان کریں گے اور فخر عالم،فیصل قریشی،اعجاز اسلم اور دیگر ٹیم شامل ہیں جبکہ گوادر ڈولفن کی ٹیم میں زلفی بخاری ، علی زیدی سمیت مختلف شخصیات شامل ہیں۔