یوٹیلیٹی اسٹورز پر ریلیف ختم ، رمضان سے قبل عوام کیلئے پریشان کن خبر
- February 20, 2021, 3:28 pm
- Business News
- 179 Views
اسلام آباد: رمضان سے قبل ہی یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف اشیا مہنگی کردی گئیں ، گھی 203 روپے سے بڑھ کر251 روپے فی کلو اور خوردنی تیل 244 سے بڑھ کر 273 روپے فی لیٹر کا ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق رمضان سے پہلے ہی یوٹیلٹی اسٹورز پر بھی کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوں کو پر لگ گئے، یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے قيمتوں ميں اضافے کا نوٹيفکيشن جاری کر ديا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ گھی 48 روپےفی کلو اور کوکنگ آئل 29 روپے فی لیٹر مہنگا ہوا جبکہ ایک لیٹرخوردنی تیل کے5 پیکٹس کے پاوٴچ پر 44روپے اور ایک لیٹر کے 12 پیکٹس والے پاوٴچ میں 62 روپے تک کا اضافہ ہوا۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق گھی203 روپے سے بڑھ کر 251 روپے فی کلو اور خوردنی تیل 244 سے بڑھ کر 273 روپے فی لیٹر کا ہوگیا جبکہ شیمپو کی قیمت میں 10 سے 20روپے فی بوتل اضافہ ہوا۔
یوٹیلیٹی اسٹورز پر ٹی وائیٹنرز 21 سے 32روپے فی پیک اور اسٹیشنری آئٹم 2 روپے سے 11 روپے تک مہنگی ہوئی جبکہ خشک دودھ اور بچوں کے دودھ کی قیمت میں 50 سے 100 روپے تک اضافہ ہوا۔
خیال رہے اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی کی فی کلو قیمت میں 30 روپے تک اضافے کی منظوری دیتے ہوئے فیصلہ کیا تھا کہ رمضان کے مہینے تک چینی، آٹا، چاول اور دالوں کے نرخ برقرار رہیں گے۔