یکم مارچ سے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 20 روپے اضافے کا امکان
- February 26, 2021, 2:12 pm
- Business News
- 160 Views
یکم مارچ سے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 20 روپے اضافے کا امکان ہے ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے پہلے ڈھائی سال میں مہنگائی میں روز بروز اضافہ ہوا اور عوام کو کوئی ریلیف نہیں مل سکا۔ آئے روز اشیائے خوردو نوش کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے جبکہ بجلی ، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے نے بھی سونے پر سہاگے کا کام کیا جس سے عوام موجودہ حکمران جماعت سے مزید مایوس ہو گئی ہے۔
تاہم اب مہنگائی میں پستی ہوئی عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ یکم مارچ سے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 20 روپے 7 پیسے اضافے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 61 پیسے فی لیٹر اضافے کی تجویز ہے۔ موجودہ پٹرولیم لیوی کی بنیاد پر پٹرول ڈیزل کی قیمت 6 روپے فی لیٹر بڑھے گی۔
فی لیٹر پٹرول پر موجودہ عائد لیوی 17 روپے 97پیسے ہے جب کہ فی لیٹر ڈیزل پر موجودہ عائد لیوی 18 روپے 36 پیسے ہے۔ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ وزیراعظم کی مشاورت سے کرے گی،اوگرا نے سمری پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کر دی ہے۔پٹرولیم مصنوعات کی مجوزہ قیمتوں کا تعین 30روپے فی لیٹر کی بنیاد کر کیا گیا۔قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ وزیر عمران خان کریں گے ۔
اس سے قبل عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔ طلب میں اضافے کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 13 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ عالمی مارکیٹ میں اس وقت فی بیرل خام تیل کی قیمت 63 ڈالرز سے زائد ہو چکی۔ کرونا وائرس وبا کی وجہ سے گزشتہ سال دنیا کے بیشتر ممالک میں لاک ڈاون کے نفاذ کے بعد معاشی سرگرمیاں مکمل طور پر بند ہو گئی تھیں، اسی باعث خام تیل کی طلب بالکل ہی ختم ہو جانے کی سطح پر آگئی تھی۔
اس قدر کم طلب کے باجود تیل پیدا کرنے والے ممالک تیل کی پیداوار سے باز نہیں آئے، چنانچہ تاریخ میں پہلی مرتبہ خام تیل کی قیمت صفر ڈالر کی سطح سے بھی نیچے چلی گئی تھی۔ واضح رہے کہ اوگرا نے خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ہی حکومت کو تجویز دی تھی کہ 16 فروری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 14 روپے فی لیٹر تک بڑھا دی جائیں، تاہم گزشتہ روز وزیراعظم نے اوگرا کی سمری مسترد کرتے ہوئے رواں ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔