فی لٹر پٹرول کی قیمت صرف 3 روپے

  • February 26, 2021, 3:42 pm
  • Featured
  • 324 Views

پاکستان میں جہاں آئے روز پٹرول اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے اور عوام مہنگائی کی چکی تلے پستی ہے وہیں دنیا میں ایک ایسا ملک بھی ہے جہاں پٹرول کی قیمت صرف تین روپے فی لٹر ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق تیل کی دولت سے مالا مال جنوبی امریکہ کے ملک وینز ویلا میں ایک لٹر پٹرول کی قیمت صرف تین روپے 16 پیسےتک جا پہنچی جو کہ دنیا میں سب سے کم ترین ہے۔
اگرچہ یہ ملک تیل کی دولت سے مالا مال ہے لیکن کرپٹ انتظامیہ اور بدعنوان حکومت کی وجہ سے اس کی بڑی آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہے، یہاں کے شہری اپنی غربت مٹانے کے لیے دوسرے ملکوں کا رخ کرتے ہیں اور بعض اوقات غیر قانونی طریقوں سے اپنے ملک کی بجائے پڑوسی ممالک میں محنت مزدوری کو ترجیح دیتے ہیں۔
ویب سائٹ گلوبل پٹرول پرائس کے مطابق دنیا میں سب سے مہنگا پٹرول ہانگ کانگ میں ہے جہاں اس کی فی لٹر قیمت 384 روپے ہے۔

ایران اپنے شہریوں کو سستا ترین پٹرول فراہم کرنے والے ممالک کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے ، یہاں فی لٹر پٹرول نو روپے ساڑھے 62 پیسے میں فروخت ہوتا ہے۔ دنیا میں سب سے زیادہ تیل پیدا کرنے والا ملک سعودی عرب اس فہرست میں 16 ویں نمبر پر ہے جہاں ایک لٹر پٹرول کی قیمت 81 روپے 96 پیسے ہے۔ دنیا کا ایک اور بڑا تیل پیدا کرنے والا ملک روس پٹرول کی 102 روپے 26 پیسے فی لٹر قیمت کے ساتھ 26 ویں نمبر پر ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہریوں کو پٹرولیم مصنوعات سستی فراہم کرنے والے ممالک کی فہرست میں پاکستان کا نمبر 30 واں ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی معیشت اور تیل کی دولت سے مالا مال امریکہ 123 روپے 79 پیسے فی لٹر قیمت کے ساتھ 40 ویں نمبر پر ہے۔ تیل کی قیمتوں میں چین کا نمبر 87 واں ہے جو اپنے شہریوں کو 168 روپے 60 پیسے فی لٹر پٹرول مہیا کرتا ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان کے پڑوسی ملک بھارت میں فی لٹر پٹرول 203 روپے 73 پیسے ہے اور اس کا اس فہرست میں 116 واں نمبر ہے۔
جبکہ شہریوں کو مہنگا ترین پٹرول فروخت کرنے میں یورپی ممالک سب سے آگے ہیں۔ اگر مہنگے ترین ممالک کی فہرست کو نیچے سے پڑھا جائے تو ہانگ کانگ اور وسطی افریقی جمہوریہ سے اوپر اکثر یورپی ممالک ہیں جہاں پٹرول کی فی لٹر قیمت 200 سے 300 روپے سے زائد ہے۔