حفیظ شیخ کی شکست کے بعد وزیراعظم نے تمام مصروفیات ترک کر دیں

  • March 4, 2021, 2:20 pm
  • Political News
  • 156 Views

سینیٹ انتخابات میں حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کی شکست کے بعد وزیراعظم عمران خان نے مصروفیات ترک کر دیں۔وزیراعظم عمران خان نے اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے سینیر پارٹی رہنماؤں اور وزراء کو وزیراعظم ہاؤس طلب کر لیا ہے۔اور آج سہ پہر وزیراعظم ہاؤس میں اجلاس میں رکھا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اجلاس میں حفیظ شیخ کی شکست کی وجوہات پر بریفنگ لیں گے۔اعتماد کا ووٹ لینے سے متعلق پارٹی رہنماؤں نے مشاورت کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے اجلاس میں حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم کی تحریک کا جائزہ لیا جائے گا اور بعض اہم فیصلے متوقع ہیں۔واضح رہے کہ گذشتہ روز سینیٹ الیکشن کے دوران قومی اسمبلی سے جنرل نشست پر اپ سیٹ شکست ہونے کے بعد وزیراعظم عمران خان کی جانب سے پہلا باقاعدہ ردعمل دیا گیا ۔
سینیٹ انتخابات میں اپ سیٹ شکست کے بعد حکومتی وزراء کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حفیظ شیخ کی شکست حکومت پر عدم اعتماد ہے، جس رکن اسمبلی کو مجھ پر اعتماد نہیں وہ سامنے آ کر اظہار کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ پی ڈی ایم کے لوگوں کی طرح بزدل نہیں ہیں، وہ چوہوں کی طرح ڈر ڈر کر حکومت نہیں کر سکتے۔ جنگ ابھی شروع ہوئی ہے، انتخابات میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔
دوسری جانب حکومت کی جانب سے آرٹیکل 91 کے تحت صدر مملکت کو سمری بھیج کر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی درخواست کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق آج قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کر کے وزیراعظم کی جانب سے اعتماد کا ووٹ لیا جائے گا۔جبکہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی سیٹ پر پہلے دن سے اشارے مل رہے تھے ان کو نہ چاہتے ہوئے بھی یقین دلایا گیا کہ پریشان نہ ہوںآ پ کی جیت میں ہر حربہ استعمال ہوگا، عمران خان کے بیانیئے پر آج ایک مہر ثبت کردی گئی۔ماضی میں بھی ایسا ہوتا رہا، پچھلے سینیٹ الیکشن میں جب ضمیروں کو خریدا گیا تو ہم نے فی الفور ایکشن لیا اور 20ارکان کو پارٹی سے رخصت کیا۔