عدالتی حکم پر عملدرآمد، پی ٹی اے نے ملک بھر میں ٹک ٹاک بند کر دی
- March 12, 2021, 11:01 am
- Science & Technology News
- 195 Views
عدالتی حکم پر عملدرآمد، پی ٹی اے نے ملک بھر میں ٹک ٹاک بند کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کرنے کے حکم کے حوالے سے پی ٹی اے کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق عدالت کے حکم کے تحت ملک بھر کی تمام انٹرنیٹ فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ٹک ٹاک سروس فوری بند کر دی جائے۔
واضح رہے کہ جمعرات کے روز پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی ڈویڑن بینچ نے ٹک ٹاک ایپلیکیشن کو بند کرنے کا حکم دیا ۔ پشاور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ میں ٹاک ٹاک پر پابندی کے حواے سے دائر کردہ رٹ درخواست کی سماعت ہوئی ۔
ڈی جی پی ٹی اے، ڈپٹی اٹارنی جنرل اور درخواست گزار وکیل نازش مظفر اور سارہ علی عدالت میں پیش ہوئے۔
In respectful compliance to the orders of the Peshawar High Court, PTA has issued directions to the service providers to immediately block access to the TikTok App. During the hearing of a case today, the PHC has ordered for the blocking of App.
— PTA (@PTAofficialpk) March 11, 2021
دوران سماعت فاضل چیف جسٹس قیصر رشید خان نے ڈی جی پی ٹی اے سے استفسار کیا کہ ٹک ٹاک کا آفس کہاں پر ہے جہاں سے یہ کنٹرول ہوتا ہے جس پر عدالت کو بتایا گیا کہ ٹک ٹاک کا ہیڈ آفس سنگاپور میں ہیے، پاکستان میں اس کا آفس نہیں ہے، دبئی سے کنٹرول کیا جارہا ہے۔ عدالت کو پی ٹی اے کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ ہم نے ٹک ٹاک کے عہدہ داروں کو درخواست دی ہے لیکن ابھی مثبت جواب نہیں آیا۔
فاضل عدالت نے وکلاء کے دلائل کے بعد اپنے مختصر حکم میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دی ۔ چیف جسٹس قیصررشید خان نے سماعت کے دوران اپنے ریمارکس میں کہا کہ ٹک ٹاک پر جو ویڈیوز لوگ آپ لوڈ ہوتی ہے یہ ہمارے معاشرے کو قابل قبول نہیں ہے۔ ٹک ٹاک ویڈیوز سے معاشرے میں فحاشی پھیل رہی ہے اس کو فوری طورپر بند کیا جائے۔ یاد رہے کہ فحاش مواد کے پھیلاو کے الزام پر گزشتہ برس بھی پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ تاہم کچھ روز بعد کمپنی حکام کی جانب سے حکومت پاکستان کے اعتراضات دور کرنے کی یقین دہانی پر سوشل میڈیا ایپ پر عائد پابندی ختم کر دی گئی تھی۔