نو منتخب 48 سینیٹرز نے حلف اٹھالیا

  • March 12, 2021, 11:08 am
  • Political News
  • 235 Views

اسلام آباد : نو منتخب 48 سینیٹرز نے حلف اٹھالیا، سینیٹرمظفرحسین شاہ نے منتخب سینیٹرز سے حلف لیا، جس کے بعد نومنتخب اراکین کے دستخط کا سلسلہ جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹرمظفرحسین شاہ کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا ، جس میں 48 نومنتخب سینیٹرز نے حلف اٹھایا،پریزائیڈنگ افسرسید مظفرحسین شاہ نے منتخب سینیٹرز سے حلف لیا۔

سینیٹ میں نومنتخب اراکین کے دستخط کا سلسلہ جاری ہے، سب سے پہلے عبد الغفور حیدر کو دستخط کیلئے دعوت دی گئی۔

سینیٹ میں حلف برداری کے بعد پولنگ بوتھ میں کیمرے لگے ہونے پر پی ڈی ایم اراکین نے احتجاج کیا ، رضاربانی نے کہا پولنگ بوتھ میں کیمرہ لگانا آئین کی خلاف ورزی ہے، یہ آئین اور سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے، پولنگ بوتھ کے اندر کیمرے لگانا کسی قانون میں نہیں۔

خیال رہے ایوان بالا میں چیئر مین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب آج ہوگا ، چیئرمین سینیٹ کیلئے حکومتی امیدوار صادق سنجرانی اور اپوزیشن کے امیدوار یوسف رضا گیلانی جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے پی ڈی ایم کے عبد الغفور حیدری اور حکومت کے مرزا محمد آفریدی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہیں۔

چیئرمین سینیٹ کاانتخاب تین بجے خفیہ ووٹنگ سے ہوگا ، نئے چیئرمین منتخب ہونے کے بعد ڈپٹی چیئرمین کے لیے ووٹنگ کرائی جائے گی۔