بجلی و گیس کی قیمتوں میں مزید اضافے اور مہنگائی کی نئی لہرکا خدشہ
- March 29, 2021, 12:38 pm
- Business News
- 220 Views
آئی ایم ایف کی شرائط کے بعد بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا اور مہنگائی کی نئی لہرآئے گی ، اس خدشے کا اظہار سینئر صحافی و تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے کیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کے آئی ایم ایف کے ساتھ جو معاملات طے پائے ہیں ان کی وضاحت کی جائے کیوں کہ ایم ایف کی شرائط کے بعد بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گا اور مہنگائی کی نئی لہرآئے گی۔
سینئر تجزیہ کار کے مطابق حکومت کو دو باتوں کی وضاحت کرنا ضروری ہے ، پہلی یہ کہ کورونا ویکسین کا کیا ہوا؟ کیوں کہ روس سے منگوائی گئی سپٹنک ویکسین کی قیمت اوپر نیچے ہوئی جس کی وجہ سے شاید وہ ویکسین واپس بھیج دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ صرف ماسک لگانا حکمت عملی نہیں بلکہ دنیا کو ہمارے ویکسین لگائے گئے لوگوں کی تعداد کے بارے میں بتانا بھی حکمت عملی میں شامل ہے جب کہ برطانیہ اور عرب امارات کی آدھی سے زیادہ آبادی ویکسین لگوا چکی ہے اور اب دنیا اس کے بعد سب کچھ کھولنے کی تیاری میں ہے۔
یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹیو بورڈ کی جانب سے پاکستان کے لیے مزید 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی گئی ، اس مد میں دی جانے والی قسط بجٹ سپورٹ کے طور پر جاری کی جائے گی ، آئی ایم نے پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر کی قسط جاری کرنے کی منظوری دے دی ، آئی ایم ایف اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ قرض کی منظوری آئی ایم ایف ایگزیکٹیو بورڈ نے جائزہ مکمل کرنے کے بعد دی ، جس کے بعد پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر کی قسط بجٹ سپورٹ کے طور پر جاری کی جائے گی۔ آئی ایم ایف کے مطابق پاکستان کے لیے جولائی 2019 میں پروگرام کی پہلی بار منظوری دی گئی ، ادائیگی سے توسیعی فنڈ کی سہولت کے تحت مجموعی طور پر 2 ارب ڈالر کی فراہمی ہوئی۔