حکومتی روش نہ بدلی تو لاکھوں لوگ لیکر اسلام آباد جائینگے، سراج الحق

  • May 31, 2021, 11:43 am
  • Political News
  • 98 Views

پشاور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے اپنی روش نہ بدلی اور عوام کے ایشوز کو حل نہ کیا تو لاکھوں لوگوں کے ہمراہ اسلام آباد میں پڑاؤ ڈالیں گے۔

پشاور میں لبیک القدس ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ فلسطینیوں اور کشمیریوں کو بھارت اور اسرائیل کے مظالم سے آزاد کروانے کا وقت آگیا۔ دنیا کے پونے دوارب مسلمان بے تاب ہیں۔ اسلامی حکمران غیرت ایمانی کا مظاہرہ کریں اور اپنے عوام کی آواز سنیں۔ امریکا اور عالمی طاقتوں کی طرف دیکھنے کی ضرورت نہیں۔ افغان عوام کو یقین دلاتے ہیں پاکستانی سرزمین کا ایک ٹکڑا بھی امریکیوں کے حوالے نہیں کیا جائے گا۔ اگر ایسا ہوا تو عوام کا ہاتھ ہوگا اور حکمرانوں کا گریبان۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف دور سے لے کر اب تک پاکستانی سرزمین کو امریکا کے حوالے کرنے کے جتنے معاہدے ہوئے ہیں وہ پارلیمنٹ میں لائے جائیں۔ اسٹیبلشمنٹ اگر چاہتی ہے کہ عوام ان پر تنقید نہ کریں تو انہیں بھی اپنی ذمہ داری سے تجاوز نہیں کرنا چاہیے۔ اس وقت بھی وہ ااہل حکمرانوں کو وفاق اور صوبوں میں چلا رہی ہے۔ پچھلی حکومتیں بھی اسٹیبلشمنٹ کی آشیرباد سے بنیں اور رخصت ہوئیں۔ حکومت چلانے کا کام سیاستدانوں پر چھوڑنا چاہیے، عوام خود ان کا احتساب کریں گے۔حکومت نے اپنی روش نہ بدلی اور عوام کے ایشوز کو حل نہ کیا تو لاکھوں لوگوں کے ہمراہ اسلام آباد میں پڑاؤ ڈالیں گے۔