حکومت نے فائزر کمپنی کی ویکسین خریدنے کا فیصلہ کر لیا

  • May 31, 2021, 2:21 pm
  • COVID-19
  • 128 Views

: حکومت پاکستان نے فائزر کمپنی سے کورونا ویکسین خریدنے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت صحت حکام کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ فائزر سے ایم آر این اے ویکسین کی 10 لاکھ ڈوزز بذریعہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خریدی جائے گی۔ وزارت صحت حکام کا کہنا ہے کہ فائزر نے ویکسین فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔
حکام کے مطابق پاکستان کو فائزر کی ویکسین کی 10 لاکھ خوراکیں جولائی یا اگست میں مل جائیں گی۔ ایم آر این اے ویکسین اسٹور کرنے کے لیے 23 الٹرا کولڈ چین فریزر خریدے جا چکے ہیں۔ وزارت صحت کے حکام نے بتایا کہ فائزر کی ویکسین کمزور قوت مدافعت والے افراد کو لگائی جائے گی، 40 سال سے کم عمر بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کو بھی فائزر کی ویکسین لگائی جائے گی۔
فائزر کمپنی نے بھی حکومت پاکستان سے ویکسین سے متعلق بات چیت کی تصدیق کی۔ ذرائع وزارت صحت کے مطابق آئندہ ماہ پاکستان کو ویکسین کی 50 لاکھ سے زائد ڈوز ملنے کا امکان ہے، جس میں سائنوویک، سائنوفام، کین سائنوویکسین ، آسٹرازنیکا اور فائزرویکسین شامل ہیں۔ جون میں پاکستان کو کورونا ویکسین کی 50 لاکھ سے زائد ڈوز ملنے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 10روز میں کورونا ویکسین کی 35 لاکھ ڈوزپاکستان پہنچ جائیں گی، اس دوران سائنوویک، سائنوفام، کین سائنوویکسین پاکستان پہنچے گی جبکہ جون میں پاکستان کو کوویکس سے 2 بھاری کھیپ ملنے کا امکان ہے۔
جون میں کوویکس پاکستان کو آسٹرازنیکا، فائزرویکسین فراہم کرےگا جبکہ رواں ہفتے چین سے سائینو فارم کی 10لاکھ ڈوزپاکستان پہنچیں گی، چین سے آنے والی کورونا ویکسین کی پاکستان نے خریداری کی ۔ خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کے وار جاری ہیں۔ کورونا ویکسین سے بچنے کے لیے پاکستان میں ویکسی نیشن کا عمل بھی جاری ہے اور لاکھوں شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر ویکسین لگائی جا رہی ہے۔