عمران خان کی فوٹو شاپ معاشی ترقی کو عوام مسترد کرچکے
- June 2, 2021, 10:06 am
- Political News
- 147 Views
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی فوٹو شاپ معاشی ترقی کو پاکستان کے عوام مسترد کرچکے ہیں۔حکومت پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پہلے نام نہاد کرپشن کے اعدادوشمار میں مبالغہ آرائی اور اب جعلی معاشی ترقی کے گن گانا، بڑی بڑی باتیں کرنا وزیراعظم عمران خان کی عادت بن چکی ہے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ پاکستان میں 21 فیصد سے زائد شرح غربت معاشی ترقی کے دعوؤں کو غلط ثابت کررہی ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے معاشی بدحالی کو ایڈٹ کرکے معاشی ترقی بنادینے سے پاکستان کے عوام کی قسمت نہیں بدلے گی، عمران خان کی فوٹو شاپ معاشی ترقی کو پاکستان کے عوام مسترد کرچکے ہیں۔
بلاول بھٹو نے سوال اٹھایا کہ اگر معاشی شرح نمو میں اضافہ ہوا ہے تو پی ٹی آئی کیوں خیبرپختونخوا کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے بجٹ میں کٹوتی کررہی ہے؟انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کی جانب سے ملک میں شرح غربت 40 فیصد تک ہونے کا اندازہ ایک تشویش ناک صورت حال کی جانب اشارہ کررہا ہے، تباہ کن مہنگائی نے عام آدمی کا جینا مشکل کردیا اور ایسے میں فراڈ معاشی ترقی کی باتیں عوامی غم و غصے کو مزید بھڑکارہی ہیں۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن سے نجات کیلئے ضروری ہے کہ عمران خان کے اسٹیٹس کو کو توڑا جائے، معاشی مسائل سے ناواقف عمران خان نے اقتدار تو ہتھیالیا مگر انہیں اب تک علم نہیں کہ ملک کیسے چلایا جاتا ہے۔بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ نصف صدی کے تجربے کی حامل پاکستان پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کی معاشی سمت کو درست کرسکتی ہے۔ جبکہ حکومت بھی کئی میدانوں میں اناڑی تھی،یہی وجہ ہےکہ آج معیشت کا بیڑہ غرق ہو گیا۔