اسلام آباد میں ٹینکر کے ذریعے شراب سپلائی کرنے والے ملزمان گرفتار
- June 3, 2021, 3:09 pm
- National News
- 93 Views
وفاقی دارالحکومت میں ٹینکر کے ذریعے شراب سپلائی کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس نے شراب کی بڑی کھیپ اور ملزمان پکڑ لیے ہیں۔ ملزمان ٹینکر کے ذریعے شراب سپلائی کرتے تھے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق تھانہ ترنول کی حدود میں پولیس نے ایک ایسا ٹینکر پکڑا جو شراب سے بھرا ہوا تھا۔
ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ ٹینکر میں 25 ہزار سے زائد لیٹر شراب موجود تھی۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان پٹرول کی آڑ میں اسلام آباد، راولپنڈی، کشمیر، لاہور اور خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں شراب سپلائی کرتے تھے۔ پولیس کے ذمہ دار ذرائع سے بتایا ہے کہ شراب سے بھرے ہوئے ٹینکر کے علاوہ 13 ٹینکیاں، تین موٹرسائیکلیں اور ایک رکشہ بھی پولیس نے قبضے میں لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان پٹرول سپلائی کرنے والے ٹینکر کے ذریعے مظفر گڑھ سے شراب منگواتے اور گاہکوں کو فراہم کرتے تھے۔ گرفتار کیے جانے والے 8 ملزمان کے خلاف تھانہ ترنول میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل مارچ کے مہینے میں لاہور میں ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا۔ لاہور کے علاقہ گرین ٹاؤن میں ایک مقامی مسجد کے کوارٹر میں شراب بنانے کا انکشاف ہوا ، اس گھناؤنے کام میں ملوث ملزم نعیم عرف نبوں نے جامعہ مسجد حنفیہ غوثیہ کیر کلاں گاؤں کا کوارٹر کرائے پر لے رکھا تھا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے مسجد کے کوارٹر میں شراب کی بھٹی بنا رکھی تھی۔ ملزم کے خلاف عبادت گاہ کا تقدس پامال کرنے کا مقدمہ بھی درج کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران موقع سے تیار اور خام مال برآمد کیا۔ واضح رہے کہ مارچ کے مہینے میں ہی چینی کمپنی کو پاکستان میں شراب تیار کرنے کا لائسنس مل گیا تھا، چینی کمپنی حب بلوچستان کے ایڈریس پر 30 اپریل 2020 کو رجسٹرڈ ہوئی تھی لیکن وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے چینی کمپنی کو پاکستان میں شراب تیار کرنے کا لائسنس دینے کی مخالفت کی اور کہا کہ اسلامی ملک میں شراب بنانے کی اجازت نہیں ہونی چاہئیے، کسی بھی مدنی ریاست کے طرز پر بنے ہوئے ملک میں شراب کی فیکٹری کی نہ کوئی گنجائش اور نہ ہی کوئی اس کی حمایت کرسکتا ہے۔