گھوٹکی ٹرین حادثہ ، وزیر ریلوے نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا
- June 7, 2021, 12:24 pm
- Breaking News
- 113 Views
وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی نے گھوٹکی ٹرین حادثے کا نوٹس لے لیا ہے۔انہوں نے فوری طور پر تحقیقات کا حکم بھی دے دیا ہے۔وزیر ریلوے نے 24 گھنٹوں کے اندر رپورٹ دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کے مابین ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔وزیراعظم نے اعظم سواتی سے حادثے کے بارے میں دریافت کیا۔
انہوں نے اعظم سواتی کو فوری طور پر جائے حادثے پہنچنے کی ہدایت کی۔وفاقی وزیر خصوصی طیارے کے زریعے گھوٹکی کے لیے روانہ ہو گئے۔ اعظم سواتی نے وزیراعظم کو ابتدائی معلومات فراہم کیں۔انہوں نے کہا کہ حادثے کے ذمہ داروں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ریسکیو آپریشن اور زخمیوں کے علاج کی نگرانی خود کروں گا۔
حادثے کی ہنگامی بنیاد پر تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے گھوٹکی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جامع انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے وزیر ریلوے کو جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت کی ، اور کہا کہ ریلوے سیفٹی کی خرابیوں کی جامع تحقیقات کی جائیں۔ جائے حادثہ پر پاک فوج بھی پہنچ گئی ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ٹرین حادثے کے بعد ریلیف اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا، آرمی اور رینجرز کے دستے ریسکیو آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں، پنو عاقل سے پاک فوج کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف جائے حادثہ پر پہنچ چکا ہے، ریسکیو کے لئے آرمی انجینئرز کے وسائل بھی بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ رات گئے گھوٹکی اسٹیشن پر کراچی جانے والی سرسید ایکسپریس ٹریک پرموجود ملت ایکسپریس سے ٹکرا گئی تھی۔ ملت ایکسپریس کی بوگیاں الٹ کر دوسرے ٹریک پر جا گریں۔ مخالف سمت سے آنے والی سرسید ایکسپریس بوگیوں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 35 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 50 افراد زخمی ہوئے، تاہم ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ترجمان ریلوے کے مطابق ٹرین حادثہ رات 3 بج کر 45 منٹ کے قریب ہوا، ملت ایکسپریس حادثے کے فوری بعد سرسید ایکسپریس ٹریک پر گری بوگیوں سے جاٹکرائی، ملت ایکسپریس کے ڈرائیور کو کمیونیکیشن سسٹم دستیاب ہے، سرسید ایکسپریس نے ولہار سٹیشن کو 3 بج کر 25 منٹ پر کراس کیا، ملت ایکسپریس نے ڈہرکی کو 3 بج کر 30 منٹ پر چھوڑا، ماچھی گوٹھ سے ڈہرکی تک ٹریک بوسیدہ اور مرمت کرنے والا ہے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے گھوٹکی کے قریب ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کیااور ٹرین حادثے پر جامع تحقیقات کا حکم بھی دے دیا ۔