میری مدد کی جائے ، ٹرین میں پھنسی خاتون نے گھر والوں کو کال ملا دی

  • June 7, 2021, 12:24 pm
  • Breaking News
  • 134 Views

رات گئے گھوٹکی اسٹیشن پر کراچی جانے والی سرسید ایکسپریس ٹریک پرموجود ملت ایکسپریس سے ٹکرا گئی تھی۔ ملت ایکسپریس کی بوگیاں الٹ کر دوسرے ٹریک پر جا گریں۔ مخالف سمت سے آنے والی سرسید ایکسپریس بوگیوں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 35 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 50 افراد زخمی ہوئے، تاہم ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حادثے سے متعلق تفصیلات سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔بتایا گیا ہے کہ گھوٹکی ٹرین حادثے کے بعد بوگی میں پھنسی خاتون نے گھر والوں کو کال کر کے مدد کی اپیل کر دی۔حادثے کا شکار ٹرین کی بوگی نمبر 6 میں موجو خاتون نے امدادی کارروائی میں پیشرفت نہ ہونے پر اپنے گھر کال ملا دی اور گھر والوں کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے مدد کی اپیل کی۔
خاتون کی کال کے بعد ان کے اہلخانہ نے گھوٹکی انتظامیہ کے ضلعی افسران سے فوری طور پر رابطہ کیا اور ان کو باہر نکالنے کے لیے امدادی کاروائیاں شروع کر دیں۔

ڈی آئی جی سکھر فدا حسین مستوئی نے بتایا کہ ریسکیو ٹیموں نے بوگی نمبر 6 میں موجود خاتون کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا۔علاوہ ازیں ترجمان ریلوے کے مطابق ٹرین حادثہ رات 3 بج کر 45 منٹ کے قریب ہوا، ملت ایکسپریس حادثے کے فوری بعد سرسید ایکسپریس ٹریک پر گری بوگیوں سے جاٹکرائی، ملت ایکسپریس کے ڈرائیور کو کمیونیکیشن سسٹم دستیاب ہے، سرسید ایکسپریس نے ولہار سٹیشن کو 3 بج کر 25 منٹ پر کراس کیا، ملت ایکسپریس نے ڈہرکی کو 3 بج کر 30 منٹ پر چھوڑا، ماچھی گوٹھ سے ڈہرکی تک ٹریک بوسیدہ اور مرمت کرنے والا ہے۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے گھوٹکی کے قریب ٹرین حادثے پر اظہار افسوس کیااور ٹرین حادثے پر جامع تحقیقات کا حکم بھی دے دیا ۔