فائزر کورونا ویکسین کن افراد کو نہیں لگائی جائے گی؟ حکومت کی حکمت عملی تبدیل
- June 10, 2021, 5:11 pm
- COVID-19
- 181 Views
حکومت نے بیرون ملک جانے والے افراد ، اسٹڈی اور ورک ویزہ پر جانے والوں کو فائزر ویکسین نہ لگانے کا فیصلہ کرلیا ، ویکسین صرف حجاج اور دائمی امراض کے شکارافراد کو لگائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق فائزرکوروناویکسین کے استعمال کی حکومتی حکمت عملی تبدیل ہوگئی ، ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرون ملک جانے والے افراد ، اسٹڈی، ورک ویزہ پر جانے والوں کوفائزر ویکسین نہ لگانےکافیصلہ کیا گیا ہے۔
وزارت صحت کے ذرائع نے بتایا کہ فائزرویکسین حجاج،دائمی امراض کے شکارافراد کولگائی جائےگی، فائزر ویکسین کے استعمال کا آغاز رواں ہفتے سے ہوگا۔
ذرائع نے کہا ہے کہ ویکسین کی حکمت عملی میں تبدیلی کافیصلہ مشاورت سےکیاگیا اور ویکسین کی قلیل مقدارکےپیش نظرحکمت عملی تبدیل کی گئی ہے ، فائزرکی دوسری کھیپ ملنےپربیرون ملک جانےوالوں کولگائی جائےگی۔
وزارت صحت کا کہنا تھا کہ فائزر کورونا ویکسین 15 مخصوص شہروں میں لگائی جائے گی اور ان 15 شہروں کے مخصوص ویکسی نیشن سینٹرپردستیاب ہو گی ، مخصوص سینٹرپرخصوصی تربیت یافتہ عملہ فائزرویکسین لگائے گا۔
ذرائع کے مطابق فائزرویکسین کے استعمال کیلئے ویکسی نیٹرز کی خصوصی ٹریننگ مکمل کرلی گئی ہے،پاکستان کوکوویکس سے فائزر ویکسین کی 1لاکھ 620ڈوزملی ہیں۔
ذرائع نے مزید کہا کہ بیرون ملک جانےوالوں کیلئےآسٹرازنیکاویکسین دستیاب ہے، آسٹرازنیکا ویکسین سعودی عرب،یو اے ای سمیت یورپ میں تسلیم شدہ ہے۔