بجلی صارفین کے لیے بڑی خوش خبری، فی یونٹ قیمت میں‌ کمی کا امکان

  • June 18, 2021, 7:46 pm
  • Business News
  • 160 Views

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمت میں کمی کی درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق بجلی صارفین کے لیے بڑی خوش خبری یہ ہے کہ نیپرا نے بجلی کی قیمت میں کمی کی درخواست کی سماعت 29 جون کو کرنے کا اعلان کردیا۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس سماعت میں مئی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 12 پیسے فی یونٹ کمی کا امکان ہے، جس سے صارفین کو جون کے بلوں میں ریلیف ملے گا۔

دوسری جانب سینٹرل پاور ایجنسی (سی پی پی اے) کا کہنا ہے کہ مئی میں تیرہ ارب یونٹ بجلی پیدا کی گئی، مئی میں ریفرنس فیول لاگت 5 روپے 93 پیسے فی یونٹ رہی جبکہ بجلی کی پیداواری لاگت5روپے70پیسے فی یونٹ رہی۔

سی پی پی اے کے مطابق مئی میں پانی سے26.64،کوئلےسے 20.13 فیصد بجلی پیدا کی گئی، مہنگے فرنس آئل کی مدد سے صرف 5.93 فیصد بجلی کی پیداوار ہوئی۔

سی پی پی اے کے مطابق مقامی گیس کے استعمال سے11.18 فیصد، درآمدی ایل این جی سے 21.74 فیصدبجلی پیداکی گئی جبکہ ایٹمی ذرائع سے 9.70فیصدبجلی پیدا کی گئی۔

واضح رہے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی یا شکایات کے حوالے سے نیپرا از خود نوٹس یا دائر درخواست پر سماعت کر کے بجلی کی قیمتوں کا تعین کرتا ہے۔