کوئٹہ میں ضلعی انتظامیہ نے ویکسنیشن نہ کرانے والوں پر پابندی عائد کر دی

  • June 25, 2021, 5:09 pm
  • COVID-19
  • 250 Views

کوئٹہ میں ضلعی انتظامیہ نے ویکسنیشن نہ کرانے والوں پر پابندی عائد کر دی۔

ضلعی انتظامیہ کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق ویکسنیشن نہ کرنے والے افراد کو سرکاری دفاتر اور تفریحی مقامات میں داخل ہونے نہیں دیا جائے گا۔ بینکوں، شاپنگ مالز اور پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی ویکسنیشن نہ کرنے والوں پر پابندی عائد ہوگی۔

اعلامیہ کے مطابق شہر کے تمام شاپنگ مالز، دکانداروں کو کورونا ویکسنیشن کارڈ چیک کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ شادی ہالز میں بھی بغیر ویکسی نیشن کارڈ کے مہمانوں کو آنے کی اجازات نہیں ہوگی۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 44 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 22 ہزار 152 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 52 ہزار 907 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 52 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 45 ہزار 546، سندھ میں 3 لاکھ 34 ہزار 453، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 37 ہزار 484، بلوچستان میں 26 ہزار 893، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 908، اسلام آباد میں 82 ہزار 502 جبکہ آزاد کشمیر میں 20 ہزار 121 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 43 لاکھ 25 ہزار 8 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 45 ہزار 924 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 8 لاکھ 97 ہزار 834 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 29 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 44 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 22 ہزار 152 ہوگئی۔ پنجاب میں 10 ہزار 700، سندھ میں 5 ہزار 392، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 294، اسلام آباد میں 775، بلوچستان میں 304، گلگت بلتستان میں 111 اور آزاد کشمیر میں 576 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔