پی ٹی آئی ایم این اے کی فیکٹری سے سوئی گیس چوری پکڑی گئی
- July 3, 2021, 5:29 pm
- National News
- 138 Views
حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی کی فیکٹری سے غیر قانونی سوئی گیس لائن پکڑی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم نے پتوکی میں پی ٹی آئی کے ایم این اے طالب حسن نکئی کی فیکٹری پر چھاپہ مار کر غیر قانونی طورپر ڈالی گئی 150 فٹ سوئی گیس لائن پکڑی ، جس کے ذریعے سردار طالب حسن نکئی کی فیکٹری کو غیر قانونی طریقے سے گیس فراہم کی جا رہی تھی جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا تھا۔
ایف آئی اے ٹیم کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ غیر قانونی طورپر ڈالی گئی 150 فٹ سوئی گیس لائن کو گھریلو میٹر کو استعمال کر کے زیر زمین فیکٹری تک لے جایا گیا، جس کو پکڑ کر ایف آئی اے نے 2 مقدمات درج کر لئے ، جن میں سردار احمد ایاز نکئی ولد سردار طالب حسن نکئی اور دیگر افراد کو نامزد کیا گیا۔
دوسری جانب پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں بڑے پیمانے پر گیس سپلائی بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا کیوں کہ موسم گرما میں پہلی مرتبہ پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں بدترین گیس کی قلت کا سامنا ہے ، سیمنٹ ، فرٹیلائزر، نان ایکسپورٹ انڈسٹریزکوبھی گیس سپلائی معطل رہے گی ، 29 جون سے 5 جولائی تک تمام شعبوں کو گیس سپلائی مکمل طور پر بند رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق ایل این جی ٹرمینل ڈرائی ڈاکنگ کے معاملے پر گیس کی قلت شدت اختیار کرگئی، پٹرولیم ڈویژن کے احکامات پر پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں بڑے پیمانے پر گیس سپلائی بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، سوئی ناردرن کے پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں تمام سی این جی اسٹیشنز کو گیس سپلائی بند کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے، سیمنٹ ، فرٹیلائزر، نان ایکسپورٹ انڈسٹریزکو بھی آج رات سے گیس سپلائی بند کردی جائے گی ، 29 جون سے 5 جولائی تک تمام شعبوں کو گیس سپلائی مکمل طور پر بند رہے گی۔