ملک دشمن ایجنسیاں جاسوسی کیلئے سرگرم، چونکا دینے والے انکشافات سامنے آگئے
- July 5, 2021, 9:15 pm
- Science & Technology News
- 209 Views
ملک دشمن ایجنسیاں جاسوسی کیلئے سرگرم ہوگئیں، جی پی ایس ایپلی کیشن کی تیاری میں معاونت کے ذریعے جاسوسی کی کوشش کرنے لگیں، رقم کا لالچ دے کر جاسوسی کی کاروائیوں کے لئے اکسانے کا انکشاف ہوگیا، وفاقی حکومت نے تمام وزارتوں، ڈویژنوں اور چیف سیکرٹریز کو مراسلہ ارسال کردیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی طرف سے جاری کردہ مراسلے میں جاسوسی کی کارروائیوں کے لیے اختیار کیے گئے طریقہ کار سے خبردار کیا گیا ہے، مراسلہ کے مطابق خاتون انٹیلی جنس افسران رقم کا لالچ دے کر جاسوسی پر قائل کرنے کی کوشش کرتی ہیں، اس مقصد کے لیے جی پی ایس ایپلی کیشن تیار کرنے کا کہہ کر رجسٹریشن کرانے کا کہا جاتا ہے، رجسٹریشن کے ذریعے شہریوں کی ذاتی معلومات حاصل کی جاتی ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ رجسٹرڈ ہونے والے افراد کو اپنے اردگرد کے مقامات کی تصاویر بھیجنے کا کہا جاتا ہے، ہر تصویر کے عوض ادائیگی کرنے کی پیشکش کی جاتی ہے جب کہ ماہانہ ادائیگی کا لالچ دے کر بھی افراد کو پھنسایا جاتا ہے، رجسٹرڈ ہونے والے افراد کو بعد میں جاسوسی کرنے پر اکسایا جاتا ہے، حساس تنصیلات کے گرد رہنے والے افراد کو ٹارگٹ کیا جاتا ہے۔
دوسری طرف لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ہوئے دھماکے میں ملوث تمام نیٹ ورک پکڑا گیا، تحقیقات میں بھارتی خفیہ ایجنسی را اور افغان ایجنسی این ڈی ایس کے ملوث ہونے کے شواہد مل گئے ، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ انسداد دہشت گردی کے محکمہ سی ٹی ڈی نے لاہور ، جھنگ ، کراچی اور راولپنڈی سے ملزمان کا سراغ لگایا ، جوہر ٹاؤن دھماکے کے پیچھے بھارت کی خفیہ ایجنسی را اور افغانستان کی خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کے ملوث ہونے کے شواہد مل گئے ہیں ، اس دھماکے کا مقصد ایف اے ٹی ایف اجلاس پر اثر انداز ہونا تھا ، ذرائع کہتے ہیں کہ پیٹر پال ڈیوڈ کی گرفتاری اور بعد ازاں اس سے کی جانے والی تفتیش میں ملزم نے تمام تر سچ اگل دیا ، جس کے نتیجے میں دھماکے میں ملوث نیٹ ورک کی گرفتاری عمل میں لائی جاچکی ہے۔