عمران خان نے ناراض بلوچوں سے بات چیت کرنے کاسوچنے کی بات کی ہے، حکومت کے پاس اختیار نہیں، سردار اختر مینگل

  • July 6, 2021, 7:16 pm
  • Political News
  • 384 Views

کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ و رکن قومی اسمبلی سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے صرف ناراض بلوچوں سے بات چیت کرنے کا سوچنے کی بات کی ہے حکومت کے پاس ان سے بات چیت کرنے کا اختیار نہیں ہے، وزیراعلیٰ جام کمال خان سے انکی پارٹی کے وزراء اور ماہی باپ نا خوش ہیں باپ کے ماہی باپ بھی نالائق اور نا اہل حکومت سے پیچھا چھڑانا چاہتے ہیں مگر وہ بد نامی کا ٹوکرا سر نہیں اٹھانا چاہتے، عمران خان کو ووٹ دینے پر گلہ کرنے والی عوامی نیشنل پارٹی آج بی اے پی کی حکومت میں ترجمان اور مشیر بنی ہوئی ہے گوادر میں غیر منتخب نمائندوں کے ذریعے ترقی کے نام پر استحصال ہورہا ہے،یہ بات انہوں نے منگل کو این این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔سردار اختر جان مینگل نے کہاکہ وزیراعظم نے کہا ہے کہ وہ ملک سے باہر موجود ناراض بلوچوں سے بات چیت کا سوچ رہے ہیں سوچنے اور فیصلہ کرنے میں فرق ہے لیکن کم سے کم انہیں تین سال بعد کسی نے سوچنے کی اجازت دی ہے کہ بلوچستان کے معاملات کے بارے میں بھی سوچا جاسکتا ہے جہاں تک انتہا پسندوں سے بات چیت کا تعلق ہے تو ماضی میں دو سیاسی حکومتوں نے ان سے بات چیت کی کوشش کی لیکن کچھ قوتوں نے اس بات چیت کو آگے بڑھنے نہیں دیا اور مذاکرات کے عمل کو سبوتاژ کیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل سوچنے نہیں بلکہ نیک نتی سے کام کرنے سے حل ہونگے جب ہم پی ٹی آئی کی حکومت کے اتحادی تھے تو ہم نے 6نکات وزیراعظم اور حکومت کے سامنے رکھے یہ چھ نکات در اصل مسائل کے حل کی طرف لیکر جانے کا ایک راستہ تھے جن پر چل کے مسائل کا حل تلاش کیا جاسکتا تھا جب بھی وزیراعظم کے سامنے یہ نکات رکھے انہوں نے ان نکات پر غور اور مسائل کو حل کی جانب لیکر جانے کی بجائے سر کھجاتے ہوئے کہا کہ آپ ان مسائل پر آرمی چیف سے ملیں تب بھی انکے پاس بلوچستان کے مسائل کا حل نہیں تھا انہوں نے کہا کہ ناراض بلوچوں یا جنہیں انتہا پسند کہا جاتا ہے ان سے بات چیت کے لئے حکومت کے پاس اختیار نہیں ہے عمران خان کے اپنے الفاظ ہیں کہ وہ ابھی تک صرف سوچ ر ہے ہیں اگر مسئلہ حل کرنا ہوتا تو وہ کہتے کہ فیصلہ کرلیا ہے حکومت کو خطے میں رونماء ہونے والی تبدیلیوں کی وجہ سے مجبوا ً باہر بیٹھے لوگوں سے مذاکرات کو بات چیت کے بارے میں سوچنا پڑ رہا ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ جام کمال خان کے اپنے وزراء اور انکی پارٹی کے لوگ ان سے ناخوش ہیں وزیراعلیٰ ہیڈ ماسٹر کی بے ساکھیوں کے سہارے کھڑے ہیں انہوں نے کہا کہ جو باپ کے ماہی باپ ہیں وہ بھی اس طرح کی نالائق اور نا اہل حکومت سے پیچھا چھڑانا چاہتے ہیں مگر بد نامی کا ٹوکرا سر نہیں اٹھانا چاہتے انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس مطلوبہ تعداد نہ ہونے کی وجہ سے وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم نہیں لا پار ہے وزیراعلیٰ کے ایک طرف پی ٹی آئی اور دوسری طرف باچا خان کے سرخے انہیں سہارا دئیے کھڑے ہیں جب ہم پی ٹی آئی کے اتحادی تھے اور ہم نے نہ کوئی وزارت لی اور نہ ہی کوئی عہدہ تب عوامی نیشنل پارٹی کے لوگ ہم سے گلہ کرتے تھے کہ ہم نے عمران خان کو ووٹ دیا لیکن آج وہ نہ صرف باپ پارٹی کی حکومت میں وزارتیں لئے ہوئے ہیں بلکہ اسکے ترجمان اور مشیر بھی بنے ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ 18جون کو بلوچستان اسمبلی میں جو کچھ ہوااسے تمام جمہوری لوگ اچھی نگاہ سے نہیں دیکھتے ہمیں یہ دیکھنے کی ضرورت ہے ابتداء کس نے کی وزیراعلیٰ جس ایوان سے منتخب ہوئے ہیں اسی وزیراعلیٰ کے حکم پر اسمبلی کے دروازے کو بکتر بند گاڑی سے توڑا گیا جو ارکان ہزاروں لوگوں کے ووٹ سے حقیقی مینڈیٹ لیکر آئے ہیں انہیں زخمی کیا گیا جو کہ غیر جمہوری اقدام ہے جولوگ نسل در نسل غیر جمہوری قوتوں کے گملوں میں پرورش پا کر آئے ہیں اور تین سال سے آج دن تک غیر جمہوری اقدامات کر رہے ہیں اور آج تک انہوں نے کسی بھی غیر جمہوری اقدام پر معذرت نہیں کی میں ان سے اس عمل پر بھی معذرت کا طلب نہیں کرونگا انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ جام کمال خان اپوزیشن قائدین سے معافی منگوانا چاہتے ہیں تو انہوں نے رات کے دو بجے ایف آئی آر واپس لیکر تھوکا ہوا کیوں چاٹا ایف آئی آر واپس لینے کا مطلب یہی ہے کہ وہ غلط تھے سردار اختر جان مینگل نے کہا کہ افغانستان میں تبدیل ہوتے ہوئے حالات کے اثرات پاکستان اور بلوچستان پر نظر ماضی میں بھی افغان مہاجرین، طالبانائزیشن اور آج تک جو کچھ ملک میں ہورہا ہے اس کی شکل میں نظر آئے ہیں اب بھی وہاں جو کچھ ہورہا ہے اسکے اثرات ملک اور بلوچستان پر ضرور مرتب ہونگے لیکن بدقسمتی سے بلوچستان اور ملک کی معیشت یا منفی تبدیلی حکمرانوں کی بلا سے انہیں جب تک ڈالر ملتے رہیں چاہے وہ مہاجرین یا انکی امداد کی شکل میں ہوں یا ٹریننگ کیمپ ہوں یا پھر 9/11کے بعد اپنے لوگوں کو امریکہ کے حوالے کرنے کی شکل میں ہوں وہ معاوضے اور ڈالروں کے لئے ہر چیز کرنے کو تیار ہیں انہوں نے کہا کہ عوام کی تقدیر ہمیشہ انکے منتخب کردہ نمائندوں نے بدلی ہے کیونکہ انہیں احساس ہوتا ہے کہ انکی عوام کی ضروریات کیا ہیں اور وہ کن حالات میں مبتلا ہیں غیر منتخب لوگوں نے ترقی کے نام پر رشوت خوری کے علاوہ کچھ نہیں کیا تین سالوں کے دوران وزیراعلیٰ جام کمال خان کی ناک کے نیچے بھی یہی کچھ ہوا ہے گوادر کو سی پیک کا ممبا کہا جاتا ہے مگر ترقی ہوتی تو آج گوادر کے لوگ پینے کے پانی کے محتاج، ماہی گیر چینی یا دیگر غیر مقامی لوگوں کی ٹرالنگ کے ذریعے بے روزگارنہ ہوتے اور لوگوں سے انکی قیمتی زمینیں چھینی نہیں جا رہی ہوتیں، گوادر کے لوگوں کی ملازمتیں دوسرے صوبوں کے لوگوں کو نہیں دی جارہی ہوتیں گوادر کی ترقی کے نام پر استحصال ہورہا ہے