احتساب عدالت کوئٹہ نے محکمہ خوراک بلوچستان کرپشن کیس میں ایک اور بڑا فیصلہ سنا دیا

  • July 6, 2021, 7:35 pm
  • National News
  • 254 Views

قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کا جرم ثابت ہونے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ بلوچستان سعید احمد مینگل اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر امیر بخش کھوسہ کو مجموعی طور پر 12سال قید اور 14کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنادی
کوئٹہ(انفارمیشن ڈیسک)احتساب عدالت کوئٹہ نے محکمہ خوراک بلوچستان کے افسران کی جانب سے کروڑوں روپے کرپشن کیس میں ایک اور بڑا فیصلہ سنا دیا، قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کا جرم ثابت ہونے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ بلوچستان سعید احمد مینگل اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر امیر بخش کھوسہ کو مجموعی طور پر 12سال قید اور 14کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔احتساب عدالت کوئٹہ کے جج جناب اللہ داد روشان نے نیب بلوچستان کی تحقیقات اور ملزم کے خلاف ناقابل تردید ثبوتوں کی روشنی میں فیصلہ سنایا۔ نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر راشد زیب گولڑہ نے کیس کی پیروی کی۔تفصیلات کے مطابق نیب بلوچستان کی تحقیقاتی ٹیم نے ملزمان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیاتو معلوم ہوا کہ ملزم اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوڈ بلوچستان سعید احمد مینگل نے پراجیکٹ ڈائریکٹر ضلع جعفرآباد ، نصیرآباد اور جھل مگسی کی حیثیت سے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر/انچارج پی آر سی ڈیرہ مراد جمالی ا میر بخش کھوسہ کی ملی بھگت سے گندم کی ہزاروں بوریوں کی خریداری میں کرپشن کرتے ہوئے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔نیب بلوچستان نے ملزمان کے خلاف تحقیقات مکمل کرکے ریفرنس احتساب عدالت میں جمع کرادیا تھا۔ جس پر معزز احتساب عدالت کوئٹہ نے فیصلہ سناتے ہوئے دونوں ملزمان کو قید و جرمانے کی سزا سنادی ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل احتساب عدالت کوئٹہ نے ملزمان اسسٹنٹ دائریکٹر محکمہ خوراک سعید احمد مینگل اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر امیر بخش کھوسہ کو دیگر پی آر سی سینٹر ز میں کرپشن ثابت ہونے پر 12سا ل قید اور دس کروڑ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی ہے۔ سال 2021میں جنوری تا جولائی نیب کیسز میں کرپشن کے ملزمان کو معزز عدالت کی جانب سے دی گئی ساتویں سزا ہے۔ نیب کی تحقیقات اور معزز عدالت کے فیصلوں کی روشنی میں کرپٹ عناصر کی جانب سے لوٹے گئے اربوں روپے کی قومی خزانے میں واپسی ممکن بنائی جاسکی ہے۔